اقلیتوں کو 100 فیصد روزگار کے لئے مہارتوں کے فروغ کی اسکیم - حکومت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-18

اقلیتوں کو 100 فیصد روزگار کے لئے مہارتوں کے فروغ کی اسکیم - حکومت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
لوک سبھا کو آج مطلع کیا گیا کہ حکومت نے اقلیتوں میں مہارتوں کے فروغ کے لئے ایک خصوصی پروگرام شروع کیا ہے جس کا مقصد اس پروگرام میں حصہ لینے والے تمام افراد کو ملازمتیں فراہم کرنا ہے۔ وزیر اقلیتی امور نجمہ ہبت اللہ نے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد کے125ویں یوم پیدائش کے موقع پر مولانا آزاد نیشنل اکیڈیمی فار اسکلس(ایم اے این اے ایس) تجرباتی اساس پر شروع کی گئی ہے ۔ انہوں نے وقفہ سوالات کے درمیان بتایا کہ ایم اے این اے ایس نے پانچ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں اور ہمارا مقصد اس میں شمولیت اختیار کرنے والے تمام افراد کو100فیصد روزگار فراہم کرنا ہے۔ نجمہ ہبت اللہ نے ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی برادری کو اس کے معاشی موقف کی اساس پر اقلیت قرار دیاجاتا ہے اور اس موقف کے لئے آبادی کے مخصوص فیصد کے علاوہ کوئی اور پیمانہ نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سچر کمیٹی کی76سفارشات میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے سفارشات پیش کی گئی ہیں جن کے منجملہ73کو حکومت نے قبول کرلیا ہے۔ نجمہ ہبت اللہ نے کہا کہ امیتابھ کنڈو کی زیر قیادت جائزہ کمیٹی نے اپنی قطعی رپورٹ پیش کردی ہے ۔ سچر کمیٹی کی سفارشات پر عمل آوری کا جائزہ لینے یہ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کنڈو کمیٹی کی رپورٹ کا مطالعہ کررہے ہیں اور یہ دیکھیں گے کہ سفارشات پر عمل آوری میں کہیں کمی تو نہیں رہ گئی ہے ۔

Skill development scheme for 100% jobs for minorities: Govt

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں