پشاور حملہ کی ہندوستانی پارلیمنٹ میں مذمت - پاکستان سے اظہار یگانگت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-18

پشاور حملہ کی ہندوستانی پارلیمنٹ میں مذمت - پاکستان سے اظہار یگانگت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
پاکستان کے ساتھ اظہار یگانگت کرتے ہوئے پارلیمنٹ نے آج پشاور کے ایک اسکول پر حملہ کی مذمت کی ، جس میں132بچے اور دیگر9افراد ہلاک ہوئے ۔ حکومت نے کہا کہ یہ ان تمام افراد کے لئے جو انسانیت پر یقین رکھتے ہیں ، ایک للکار ہے کہ وہ دہشت گردی کو شکست دینے متحد ہوجائیں ۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں ارکان نے کل پشاور میں وحشیانہ اور خوفناک دہشت گرد حملہ میں ہلاک ہونے والوں کے احترام میں کھڑے ہوکر خاموشی منائی۔لوک سبھا میں اسپیکر سمترا مہاجن کی جانب سے پیش کی گئی ایک قرار داد منظور کی گئی جس میں حکومت نے پاکستانی عوام اور سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ اس قرار داد میں کہا گیا کہ یہ ایوان نفرت انگیز ، خوفناک اور بزدلانہ حملہ پر اپنے دکھ، گہرے صدمے اور سخت برہمی کے احساس کا اظہار کرتا ہے اور اس کی مذمت کرتا ہے اور یہ عہد کرتا ہے کہ بے قصور افراد بالخصوص معصوم اور کمزور بچوں کے خلاف بربری اور دہشت گردحملوں کو بالکل برداشت نہیں کیاجانا چاہئے اور ایسے شرمناک جرائم کے مرتکبین کو ایسی سخت ترین سزا دی جانی چاہئے جس کی کوئی نظیر نہ ملے ۔ راجیہ سبھا میں حامد انصاری نے کہا کہ یہ بے معنی، سنگدلانہ وبزدلانہ حرکت قابل مذمت ہے ۔ اس واقعہ میں معصوم جانوں کا اتلاف یقیناًالمناک اور بدبختانہ ہے ۔ یہ واقعہ دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ کو مزید عزمم اور مضبوطی عطا کرتا ہے ۔ بعد ازاں ایوان میں مہلوکین کی یاد میں خاموشی منائی گئی ۔
لوک سبھا میں وزیر خارجہ سشما سوراج نے پشاور حملہ اور آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں اس سے ایک دن پہلے یرغمالی بحران پر بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دن کے دوران دو مختلف بر اعظموں اور ہماری دو مختلف سمتوں میں کچھ واقعات پیش آئے ہیں۔ یہ دونوں دہشت گردی کے تاریک سایوں کا ظہور ہیں۔ یہ دونوں واقعات ان تمام کے لئے جو انسانیت میں یقین رکھتے ہیں دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن اور جامع انداز میں متحد ہوجانے کے لئے ایک للکارہیں۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان اس بین الاقوامی جدو جہد میں اپنا رول اداکرنے کے لئے تیار ہے ۔
نئی دہلی
یو این آئی
ملک بھر کے اسکولوں میں آج2منٹ کی خاموشی منائی گئی اور پشاورکے آرمی اسکول میں دہشت گرد حملوں کے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ملک کے کئی اسکولوں میں خصوصی عبادتوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ طلباء نے پاکستان میں دہشت گردی کے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سفاکانہ ہلاکتوں کی مذمت کی اورکہا کہ وہ سوگوار خاندانوں کے دکھ درد میں شریک ہیں ۔ قومی دارالحکومت میں تمام شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے افراد آج انڈیا گیٹ پر جمع ہوئے اور مومی شمعیں روشن کرتے ہوئے خراج عقیدت کی پیشکشی میں حصہ لیا اور اس حملہ کی مذمت بھی کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ملک کو متحد ہوکر دہشت گردی کے خلاف لڑنا چاہئے

Peshawar school attack: Parliament expresses solidarity with Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں