پاک چین اقتصادی راہداری پراجکٹ کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-02

پاک چین اقتصادی راہداری پراجکٹ کا آغاز

اسلام آباد
یو این آئی
ہندوستان کے تمام تر اعتراضات کے باوجود پاکستان نے چین کے ساتھ اربوں ڈالر کے معاشی راہداری پراجکٹ شروع کردیا ہے جو پاک مقبوضۃ کشمیر سے ہوکر گزرے گا ۔ پاکستانی وزیرا عظم نواز شریف نے ملک کے شمال مشرق میں واقع خیبر پختونخواہ صوبہ میں کل چین۔ پاکستان اقتصادی راہداری پراجکٹ کے تحت چار لین والی سڑک کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس سے ظاہر ہے کہ پاکستان نے چین ۔ پاکستان اقتصادی گلیارہ( سی پی ای سی)سمجھوتہ پر عمل درآمد کی تیاری شروع کردی ہے ۔ اس60کلو میٹر طویل چار لین کی شاہراہ پر 29.7کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی او ر اسے مکمل ہونے میں دو سال کا وقت لگے گا ۔ چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی زنہوا نے بتایا کہ نواز شریف نے اس ماہ کے آخر میں اپنے چینی دورے کے دوران45.6ارب ڈالر مالیت کے سودوں پر دستخط کئے تھے جن میں معاشی گلیاروں سے وابستہ پراجکٹ بھی شامل ہیں ۔ اس پراجکٹ پر مئی2013میں چین کے وزیر اعظم لی کوچیانگ کے پاکستانی دورے کے دوران اتفاق رائے ہوا تھا ۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان نے اس گلیارے کو لے کر چین کی مخالفت کی ہے ۔ اس کا کہنا ہے کہ یہ گلیارے پاکستان کے قبضہ والے کشمیر سے ہوکر گزرے گا جو سیکوریٹی کے لحاظ سے درست نہیں ہے حالانکہ چین نے یہ کہہ کر اس پراجکٹ کو حق بجانب قرار دیا ہے کہ اس سے علاقائی ترقی میں مدد ملے گی۔

Nawaz Sharif launches China-Pak Economic Corridor

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں