کشمیر میں جمہوری عمل پر دہشت گردانہ حملہ شرمناک - مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-07

کشمیر میں جمہوری عمل پر دہشت گردانہ حملہ شرمناک - مودی

رانچی
آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جموں و کشمیر میں دہشت گردانہ حملوں کو ریاست میں جمہوری عمل پر شرمناک ضرب قرار دیا ۔ مودی نے ضلع ہزاری باغ میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جھار کھنڈ کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ ریاست میں ترقی کے لئے ووٹ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے کشمیر میں جمہوری عمل پر حملہ کرتے ہوئے شرمناک حرکت کی ہے ۔ ہمارے بہادر سیکوریٹی جوانوں نے انہیں منہ توڑ جواب دیا ہے۔ واضح رہے کہ وادی کشمیر میں گزشتہ روز کیے گئے سلسلہ وار حملوں میں8 فوجیوں سمیت 21افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ حملے ایک ایسے وقت کیے گئے ہیں جب کہ ریاست میں اسمبلی انتخابات جاری ہیں۔ تیسرا مرحلہ9دسمبر کو مقرر ہے ۔ پہلے دو مرحلوں میں تقریباً70فیصد عوام نے رائے دہی میں حصہ لیا ۔ مودی نے کہا کہ جھار کھنڈ کا ایک فوجی عہدیدار بھی ہلا ک ہوا ہے ۔ واضح رہے کہ ان حملوں میں رانچی کے ساکن لیفٹنینٹ کرنل سنکلپ شکلا بھی ہلاک وہئے ہیں ۔ ان کے پسماندگان میں8سالہ دختر اور چار سالہ لڑکا شامل ہیں ۔ مودی نے جھار کھنڈ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ترقی کے لئے ووٹ دیں ۔ مودی نے کہا کہ ذات پات کے نام پر کافی سیاست ہوچکی ہے ۔ مودی نے کہا کہ جھار کھنڈ تاریکی میں غرق ہے ، حالانکہ اس ریاست میں کوئلہ پیدا ہوتا ہے ۔ خدا نے اس ریاست کو جنگلات اور معدنیات کی دولت سے نوازا ہے اور اس میں ایک بڑی اقتصادی طاقت کے طور پر ابھرنے کی صلاحیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں آنے والے برسوں میں نئی کوئلہ پالیسی کے تحت20لاکھ کروڑ روپے کے کوئلہ کی پیداوار ہوگی ۔ اس ریالی میں سینئر بی جے پی لیڈر یشونت سنہا لڑکے جینت سنہا کے ساتھ شریک تھے جو ہزاری باغ کے رکن پارلیمنٹ اور مودی کابینہ میں وزیر ہیں ۔
نئی دہلی
پی ٹی آئی
سینئر کانگریس قائد راہول گاندھی نے وادی کشمیر میں دہشت گرد حملوں میں سیکوریٹی عملہ اور عام شہریوں کی موت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے آج کہا کہ غیر مستحکم کرنے کی ان کوششوں کو آہنی پنجہ کے ساتھ کچل دئیے جانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں فوج اور پولیس کے شہیدوں کو سلام کرتا ہوں اور عام شہریوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتا ہوں جو جموں و کشمیر میں قابل مذمت اور دانستہ دہشت گردانہ حملوں میں ہلاک ہوئے ہیں ۔ دہشت گردوں سے نمٹنے کی ریاست اور ریاست کے عوام کی کوششوں میں کانگریس ان کے ساتھ ہے۔
سری نگر
پی ٹی آئی
پی ڈی پی کے صدر مفتی محمد سعید نے آج وادی کشمیر میں دہشت گرد حملوں میں اچانک اضافہ پر مایوسی ظاہر کی اور کہا کہ ایسے المناک واقعات سے کوئی سیاسی مقاصد تو حاصل نہیں ہوتے بلکہ متاثرین کے خاندان مصائب کا شکار ہوجاتے ہیں ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ ریاست میں سیاسی منظر میں تبدیلی کے لئے ووٹ کی طاقت کا استعمال کریں اور2015میں ایک نئی ابتداء کریں ۔

Shameful attack on democracy, says Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں