شاردا اسکام - سی بی آئی کا بیجا استعمال کیا گیا - ترنمول کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-17

شاردا اسکام - سی بی آئی کا بیجا استعمال کیا گیا - ترنمول کانگریس

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ترنمول کانگریس کے ارکان نے آج حکومت پر شاردا اسکام میں سی بی آئی کے بے جا استعمال کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے گھیرنے کی کوشش کی اور دو مرتبہ لوک سبھا سے واک آؤٹ کردیا جب کہ حکومت نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کے لئے تیار ہے ۔ ترنمول کانگریس قائد سوگتا رائے نے جب وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بی جے پی، حکومت مغربی بنگال کو کمزور کرنے تحقیقاتی ایجنسی کا سیاسی استحصال کررہی ہے تو حکمراں جماعت کے کئی ارکان بطور احتجاج اٹھ کھرے ہوئے اور اسپیکر سمترا مہاجن نے ایک اور رکن کو بولنے کی ہدایت دی ۔ بعد ازاں مہاجن نے سوگتا رائے کو بولنے کی اجازت دیتے ہوئے یہ واضح کیا کہ انہیں کوئی الزامات عائد نہیں کرنا چاہئے ۔ بہر حال سوگتا رائے نے یہ مسئلہ اٹھایا اور حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ کئی غلطیوں کی مرتکب ہوئی ہے اور قومی دیہی روزگار ضمانت اسکیم کے لئے مختص فنڈس روکتے ہوئے قومی ڈھانچہ کو کمزور کررہی ہے ۔ اس پر اسپیکر نے انہیں بولنے سے روک دیا ، جس پر رائے اور ان کے پارٹی رفقاء نے برہمی کے عالم میں نعرے لگائے اور بطور احتجاج واک آؤٹ کردیا۔
قبل ازیں رائے نے ایچ آر ڈی وزیر پر الزام عائد کیا کہ وہ یہ کہتے ہوئے ایوان کو گمراہ کررہی ہیں کہ کرسمس کے دن مضامین تحریر کرنے، تقریری اور دیگر مقابلے منعقد کرنے اسکولوں کو کوئی سرکاری سرکیولر جاری نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسپیکر وزیر فروغ انسانی وسائل کو اپنا بیان درست کرنے کی ہدایت دیں ۔ اس پر مہاجن نے کہا کہ انہوں نے اس ضمن میں وزیر موصوف کو حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ ترنمول کانگریس کے ارکان کی مرکزی مملکتی وزیر پ ارلیمانی امور راجیو پرتاپ روڈی کے ساتھ اس وقت دوبارہ بحث ہوئی جب کانگریس قائد ملکار جن کھرگے نے حکومت سے کہا کہ وہ سڈنی میں یر غمالی بحران پر بیان دے ۔ روڈی جیسے ہی جواب دینے کے لئے اٹھے ترنمول کانگریس اور کانگریس کے ارکان نے وزیر خارجہ سے بیان دینے کا مطالبہ کیا جس پر وزیر نے چلا کر کہا کہ یہ بات کہنے والے آپ کون ہوتے ہیں ۔ اس کے بعد ترنمول کانگریس ، کانگریس اور سرکاری بنچوں کے ارکان کے درمیان گرما گرم الفاظ کا تبادلہ ہوا۔ قبل ازیں آج صبح ایوان کی کارروائی کے آغاز پر ترنمول کانگریس کے زائد از20ارکان ایوان کے وسط میں پہنچ گئے اور وقفہ صفر کے دوران کچھ دیر تک نعرے لگاتے رہے ۔ اس کے بعد انہوں نے واک آؤٹ کردیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت شاردا اسکام میں سی بی آئی کا بے جا استعمال کررہی ہے ۔ وہ سوگتا رائے کی جانب سے دی گئی تحریک التوا کی نوٹس کو اسپیکر کی جانب سے مسترد کردینے کے خلاف احتجاج کررہے تھے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں