آئی ایس آئی ایس پر امتناع - راج ناتھ سنگھ کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-17

آئی ایس آئی ایس پر امتناع - راج ناتھ سنگھ کا اعلان

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عراق و شام کے بڑے رقبہ پر قابض خلاف اسلامیہ(آئی ایس آئی ایس) پر ہندوستان میں امتناع عائد کردیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج یہ انکشاف کیا ۔ لوک سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران بیان دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پہلے قدم کے طور پر اس تنظیم پر امتناع عائد کردیا گیا ہے ۔میں ایوان کو بتانا چاہتا ہوں کہ آئی ایس آئی ایس پر قانون(انسداد) غیر قانونی سرگرمیاں کے تحت امتناع عائد کردیا گیا ہے ۔ وزیر داخلہ نے دہشت گرد گروپ کی طرف اپنے بچوں کو راغب ہونے سے روکنے کا سہرا مسلم خاندانوں کے سر باندھتے ہوئے آج کہا کہ آئی ایس کے لئے ہندوستانی نوجوانوں کی تائید انتہائی معمولی ہے ۔ سنگھ نے لوک سبھا کو یقین دلایا کہ اقلیتی طبقہ کے کسی بھی بے قصور فرد کو مشتبہ دہشت گرد سرگرمیوں کے سلسلہ میں حراست میں نہیں لیاجائے گا اور اگر کوئی ایسے واقعات ہوئے ہوں تو انہیں ان کے علم میں لایاجاسکتا ہے ۔۔ انہوں نے ایوان کو یقین دلایا کہ اقلیتی طبقہ کے کسی بھی بے قصور نوجوان کو ہراساں نہیں کیاجائے گا اور آئی ایس سرگرمیوں کو کچلنے کے نام پر بے قصوروں کو سزا نہیں دی جائے گی۔
ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران سنگھ نے کہا کہ ہمارے ملک کے اقلیتی طبقات نے اس کی حوصلہ شکنی کی ہے ۔ والدین نے اپنے بچوں کو انتہا پسندی کی طرف راغب نہ ہونے کی ترغیب دی ہے ، میں اس کی ستائش کرتا ہوں ۔ اس پر ارکان نے میزیں تھپتھپاکر ان کے بیان کا خیر مقدم کیا ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ہمارے چند نوجوان آئی ایس آئی ایس کی طرف گئے لیکن ان کی تعداد قابل نظر انداز ہے ۔ دنیا کے مختلف حصوں میں آئی ایس آئی ایس کی سرگرمیاں جیسے ہی پھیلی شرو ہوئیں حکومت نے تب ہی سے احتیاطی اقدامات شروع کردئیے ۔ آئی ایس آئی ایس کی سر گرمیوں کے بارے میں حکومت بے حد سنجیدہ ہے اور اس کی روک تھام کے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ آئی ایس آئی ائیس اور دیگر انتہا پسند تنظیموں کے فلسفہ کی تائید کرنے والوں کی جانب سے ٹوئیٹر اور دیگر سوشیل میڈیا کے غلط استعمال پر نگرانی رکھنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ مملکتی وزیر داخلہ کرن رجیجو نے کہا کہ یہ معاملہ انتہائی حساس ہے اور اس کی تفصیلات پر ایوان میں بحث نہیں کی جاسکتی ۔ ہندوستان میں آئی ایس آئی ایس اور القاعدہ کے اثرورسوخ کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔

India bans ISIS after 'recruiting' Twitter account scandal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں