شاردا چٹ فنڈ کی رقم دہشت گردی کے لئے سرحد پار بھیجنے کا ثبوت نہیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-04

شاردا چٹ فنڈ کی رقم دہشت گردی کے لئے سرحد پار بھیجنے کا ثبوت نہیں

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بی جے پی صدر امیت شاہ نے حال میں الزام عائد کیاتھا کہ شاردااسکام کی رقم بردوان دھماکہ کے لئے استعمال کی گئی تھی لیکن مرکز میں خود ان کی پارٹی کی حکومت نے ان کے اس بیان کی تردید کردی ۔ پی ایم او نے آج لوک سبھاکو بتایا کہ شاردا سکام کی اب تک کی تحقیقات سے ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے ۔ کہ دہشت گردی کے لئے مالیہ فراہم کرنے اس رقم کو سرحد پار بھیجا گیا ہے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہری مانجھی اور پرہلادجوشی کے ایک سوال پر یہ انکشاف کیا گیا ۔ انہوں ںے جاننا چاہا تھاکہ آیا حکومت نے شاردا چٹ فنڈ اسکام کی تحقیقات کی تفصیلات حاصل کی ہیں کیونکہ ایسی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ رقم کا کچھ حصہ دہشت گرد سرگرمیوں کے لئے فنڈس فراہم کرنے بنگلہ دیش بھیجا گیا تھا ۔ مرکزی مملکتی وزیر جتیندر سنگھ نے جواب دیا کہ حکومت نے تحقیقا ت کی تفصیلات نہیں منگوائی ہیں۔ ایک اور سوال پر کہ آیا شاردا سربراہ نے اس بات کا اعتراف کرلیا ہے کہ انہوں نے کیس کو اپنے حق میں کرنے کئی افراد کو بڑی بڑی رقومات ادا کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ وزیر نے کہا کہ یہ معاملہ زیر تحقیقی ہے ۔
قبل ازیں موصولہ اطلاع کے مطابق حکومت نے آج کہا کہ شارداچٹ فنڈ اسکام کی تحقیقات سے ابھی تک بنگلہ دیش کے ساتھ دہشت گردی تعلق کا پتہ نہیں چلا ہے ۔ بی جے پی نے دو دن قبل ایسا تعلق ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ مرکزی مملکتی وزیر پرسونل جتیندر سنگھ نے لوک سبھا کو اپنے تحڑیری جواب میں بتایا کہ تحقیقات سے اب تک ایسے کسی لین دین کا پتہ نہیں چلا ہے جو دہشت گردسرگرمیوں کے لئے فنڈس روانہ کرنے بنگلہ دیش کے ذریعہ کیا گیا ہو۔ بہر حال اتوار کو کولکتہ میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی صدر امیت شاہ نے الزام عائد کیا تھا کہ شاردا چٹ فنڈ کی رقم2اکتوبر کے بردوان دھماکہ کے لئے استعمال کی گئی تھی ۔ اس دھماکہ کے بنگلہ دیش کی ممنوعہ دہشت گرد تنظیم جماعت المجاہدین بنگلہ دیش(جے ایم بی) کے ساتھ تعلق کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔ انہوں نے ترنمول کانگریس کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ این آئی اے کو دھماکہ کی مناسب تحقیقات کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ اس کے راستہ میں رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں ۔ ترنمول کانگریس کے قائدین کو جو دھماکہ میں ملوث ہیں، بچانے کے لئے ایسا کیاجارہا ہے ۔

شاردا اسکام پر امیت شاہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ : ترنمول کانگریس
دریں اثنا کولکتہ سے آئی اے این ایس کی علیحدہ اطلاع کے بموجب ترنمول کانگریس نے آج بی جے پی صدر امیت شاہ سے معافی کا مطالبہ کیا کیونکہ امیت شاہ نے یہ الزام لگایا تھا کہ شاردا چٹ فنڈ اسکام کی رقم دہشت گردانہ کارروائیوں کے فروغ کے لئے استعمال کی گئی ہے ۔ ریاستی وزیر جتیندر ا سنگھ نے لوک سبھا میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شاردا چٹ فنڈ کیس میں تحقیقات کے بعد یہ بات ثابت نہیں ہوئی کہ رقم کو کسی دوسرے ملک منتقل کیا گیا یا دہشت گردی کے فروغ کے لئے بنگلہ دیش منتقل کیا گیا۔ ترنمول کانگریس کے قائد اور بنگال پنچایت راج کے وزیر سبرتا مکرجی نے امیت شاہ کے اس بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امیت شاہ پر لازم ہے کہ وہ معافی مانگیں اگر وہ معافی نہیں مانگیں گے تو ہم قانونی کارروائی کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔ ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سدیپ نے بھی امیت شاہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ۔ نیز وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ میں کوئی بات بغیر ثبوت کے نہیں کہتی کیونکہ میں اپنی حدود سے اچھی طرح واقف ہوں جب کہ بعض لوگ اس مغالطہ میں مبتلا ہیں کہ وہ جو چاہیں کہہ سکتے ہیں کیونکہ میڈیا ان کی حمایت پر کمربستہ ہے ۔ امیت شاہ نے 30نومبر کو بی جے پی کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ شاردا اسکام کی کروڑوں روپے کی رقم 2اکتوبر کو ہوئے بردوان دھماکہ میں استعمال کی گئی ۔ اس دھماکے میں بنگلہ دیش کے افراد شریک تھے۔ بنرجی حکومت پر اس بات کا بھی الزام عائد کیا کہ بنرجی قومی تحقیقاتی ایجنسی کی تحقیقات میں رکاوٹ بن رہی ہے ۔

Saradha scam: Amit Shah's terror linkage statement

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں