پشاور اسکول حملہ ناقابل قبول - پاکستانی اخباروں کے اداریوں میں حکومت پر نکتہ چینی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-18

پشاور اسکول حملہ ناقابل قبول - پاکستانی اخباروں کے اداریوں میں حکومت پر نکتہ چینی

پشاور
آئی اے این ایس
پاکستانی روز ناموں نے پشاور میں فوجی اسکول پر طالبان حملہ اور اس دوران141افراد جن میں بیشتر طلباء شامل ہیں ، کی ہلاکت کے بعد اس واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ذہن اسے قبول کرنے اور سمجھنے سے قاصر ہے ۔ تمام اخبارات نے حکومت سے دہشت گردی کے خاتمہ کو یقینی بنانے کے لئے موثر اور فوری اقدامات کی گزارش بھی کی ہے ۔ ڈان نے اپنے اداریہ میں کہا کہ یہ واقعہ انتہائی خوفناک اور صدمہ انگیز ہے ۔ سکتہ کے عالم میں ذہن اسے قبول کرنے اور سمجھنے سے قاصر ہے اور خود کو باور کرانے کے لئے دماغی جدو جہد سے گزرنا پڑ رہا ہے۔ حملہ آور کم سے کم وقت میں زیادہ بے قصور اسکولی طلباء کو ہلاک کرنے کے ناپاک ارادے سے آئے تھے۔ ایک منٹ میں چند بچے ہلاک ہوئے اور پھر تو جیسے قتل عام شروع اور نعشوں کا انبار لگنے لگا ۔ آرمی پبلک اسکول پر طالبان حملہ میں148افراد ہلاک ہوئے جن میں 132طلباء شامل ہیں ۔ اتنی بڑی تعداد میں اسکولی بچوں کی ہلاکت ملک اور عوام کے لئے مشترکہ سانحہ ہے اور س کے نفسیاتی اثرات سے نکلنے کے لئے طویل عرصہ درکار ہوگا ۔ روزنامہ نے مہلوکین کے خاندان اور زندہ بچ جانے والے زخمیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی اور ہر ممکنہ امداد کی جانب حکومت اور عوام کی توجہ مرکز کرنے کی درخواست کی ۔
اداریہ میں یہ سوال بھی اٹھایا گیا کہ اس واقعہ سے قبل انٹلیجنس ایجنسیاں کیا کررہی تھیں ؟ کیا وہ محو خواب تھیں؟ شہر میں یہ انٹلی جنس کی ناکامی کا سب سے بڑا اور انتہائی افسوسناک واقعہ ہے ۔ ایسے معاشرہ میں جہاں دہشت گردی اور انتہا پسندی عام ہے اور سخت تر انسداد ی و احتیاطی اقدامات کرنا چاہئے ۔ شہر کے ایسے علاقہ میں سیکوریٹی کی انتہائی پختہ اقدامات ضروری ہے ۔ ایسے اعلیٰ پیمانہ کی دہشت گردی کے بعد عسکریت پسندی کے خاتمہ کا عہد فضول اور بے معنی ہے ۔ اس واقعہ کے بعد افواج زیادہ سے زیادہ اپنی کاررائیوں میں شدت پیدا کرے گی جب کہ اس سے لڑائی میں اضافہ کا اندیشہ ہے ۔ دراصل عسکریت پسندی اور دہشت گردی کی نظریاتی جڑوں کے خاتمہ پر زور دینے کی ضرورت ہے ۔ دی نیوز انٹر نیشنل ڈائنگ ینگ کے زیر عنوان اداریہ میں تحریر کیا کہ اس خوفناک حملہ اور ہلاکت خیز واقعہ کو لفظوں میں بیان نہیں کیاجاسکتا ۔ اسے بیان کرنے کے لئے دنیا بھر کے الفاظ بھی کم ہوں گے ۔

Peshawar school attack unacceptable Pakistani newspaper editorials

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں