الیکشن کمیشن میں پون کلیان کی پارٹی جن سینا پارٹی کا رجسٹریشن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-12

الیکشن کمیشن میں پون کلیان کی پارٹی جن سینا پارٹی کا رجسٹریشن

حیدرآباد
آئی اے این ایس
الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تلگو ایکٹرو سیاستداں پون کلیان کی پارٹی’’جن سینا‘‘ کی بحیثیت سیاسی پارٹی رجسٹر کرلیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے عوامی نمائندگان ایکٹ کی دفعہ29Aبابتہ1951کے تحت جن سینا پارٹی کو رجسٹر کرلیا ہے جس کا اطلاق24نومبر سے ہوچکا ہے ۔ پون کلیان نے جو اداکار سے سیاستداں بننے والے چرنجیوی کے بھائی ہیں ، جاریہ سال اپریل، مئی میں عام انتخابات سے قبل اپنی علیحدہ سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کیا تھا تاہم انہوں نے اے پی اور نئی ریاست تلنگانہ میں اپنے امیدوار کھڑے نہیں کیے تھے اور گزشتہ انتخابات میں تلگو دیشم ، بی جے پی کی تائید میں مہم چلائی تھی ۔ 43سالہ مقبول عام تلگو ادکار نے انے دو ریاستوں میں اپنی حلیف ٹی ڈی پی اور بی جے پی کے حق میں مہم چلائی تھی ۔ پارٹی کو مسلمہ حیثیت ملنے کے بعد توقع ہے کہ پون نہ صرف پارٹی کی عاملہ کمیٹیاں تشکیل دیں گے بلکہ ان دو ریاستوں میں ادارہ جات مقامی کے مجوزہ انتخابات میں حصہ لینے کی تیاریاں کریں گے ۔ پون کلیان نے اپنے بیان میں کہا کہ پارٹی کو مسلمہ حیثیت ملنے کے بعد وہ اپنی خاموشی توڑ یں گے ، اور میڈیا کے رو برو ہوں گے اور جن سینا کے مستقبل کے لائحہ عمل کا انکشاف کریں گے ۔ کلیان ، پرجاراجی پارٹی( بی آر پی) کے یوتھ ونگ یوواراجیم کے سربراہ تھے جبکہ2009ء میں پی آر پی کو ان کے بڑے بھائی چرنجیوی نے قائم کیا تھا ۔ تاہم انتخابات میں پارٹی کی غیر اطمینان بخش کارکردگی کے بعد چرنجیوی نے اپنی پارٹی کوکانگریس میں ضم کردیا تھا ۔ اپنے بڑے بھائی کے اس اقدام پر ناخوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے جاریہ سال مارچ میں اپنی جن سینا پارٹی کے قیام کا اعلان کیا تھا اور ریاست کی تقسیم کے لئے کانگریس کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کانگریس ہٹاؤ دیش بچاؤ کا نعرہ دیتے ہوئے کانگریس کے خلاف انتخابی مہم چلائی تھی ۔
پی ٹی آئی کے بموجب الیکشن کمیشن آف انڈیا نے پون کلیان کی جن سینا پارٹی کو مسلمہ سیاسی پارٹی کی حیثیت سے رجسٹریشن کرلیا ہے جب کہ اس نئی سیاسی جماعت کا رجسٹریشن نمبر56/118/201/2014/PPS-Iمورخہ28نومبر2014ہے ۔ کمیشن نے جن سینا کو رجسٹر کرنے کے خلاف نمائندگیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے پون کلیان کی پارٹی کورجسٹرد کرلیا اور اس جماعت کو سیاسی مسلمہ پارٹی کا موقف دیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے پارٹی نشان کے انتخاب کی سہولت فراہم کرے کا اشادہ دیا ہے ۔ پارٹی قائد نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے ادارہ جات مقامی انتخابات کے لئے پارٹی کو رجسٹر کرانے کے لئے کمیشن میں درخواست داخل کی تھی ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں