تلنگانہ - میدک ٹاؤن کو خوبصورت بنانے اقدامات کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-18

تلنگانہ - میدک ٹاؤن کو خوبصورت بنانے اقدامات کا اعلان

میدک
منصف نیوزبیورو
تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج ذریعہ ہیلی کاپٹر میدک کے قریب واقع پراجکٹ گھن پور آیا کٹ کا مکمل سروے کیا۔ بعد ازاں میداک ٹاؤن میں واقع تاریخی چرچ آف ساؤتھ انڈیا کا مشاہدہ کیا ۔ اس کے بعد ٹاؤن کے انڈور اسٹیڈیم کے احاطہ میں ضلع میدک سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزراء ، ارکان اسمبلی، ارکان زیڈ پی ٹی سیز ، ایم پی ٹی سیز، سرپنچوں ، اور ضلع کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ حلقہ اسمبلی میدک کا ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ میدک ٹائن کے قریبی منڈل کلچارم میں نظام دور حکومت میں تعمیر کردہ گریویٹی ڈیم گھن پور آیا کٹ کو ایک میٹر اونچا کیاجائے گا ۔ جس کے لئے50کروڑ روپے منظور کرتے ہوئے عنقریب جی او کی اجرائی کا تیقن دیا ۔ کے سی آر نے میدک ٹاؤن کو خوبصورت بنانے کے لئے ٹاؤن کی اہم سڑکوں کو کشادہ کرتے ہوئے روڈ ڈیوائیڈرس تعمیر کر کے درمیان میں بٹر فلائی لائٹس تنصیب کرنے کا اعلان کیا ۔ علاوہ ازیں میدک ٹاؤن میں پانی کی موثر سربراہی کو یقینی بنانے کے لئے سنگور پراجکٹ سے پائپ لائن بچھانے کا وعدہ کیا اور ٹاؤن کے تاریخی قلعہ پر ایک بڑا واٹر ریزر وائیر تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔ علاوہ اس کے قلعہ کے دامن میں چاروں جانب چھوٹے واٹر ریزر روائیر بھی تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔ اس خصوص میں انہوں نے متعلقہ انجینئرس کو ہدایت دی کہ اندرون دو سال اس پراجکٹ کو مکمل کرلیں۔ چیف منسٹر نے میدک کے عوام کے دیرینہ خواب کو شرمندہ تعبیر کرتے ہوئے میدک کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ انتخابات سے قبل کے سی آر نے اپنے دورہ میدک کے موقع پر میدک کو ضلع کا درجہ دینے کا وعدہ کیاتھا۔ علاوہ ازیں میدک ٹاؤن میں اسی مطالبہ کو لے کر ضلع سادھنا سمیتی اور تمام اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تقریباً تین ماہ سے زنجیری بھوک ہڑتال بھی جاری تھی ۔
کے سی آر نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ علاقہ تلنگانہ کے تمام10اضلاع میں جنگلات کو ترقی دینے کے لئے بڑے پیمانے پر شجر کاری پروگرام کے تحت230کروڑ پودوں کی شجر کاری کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے ہر اسمبلی حلقہ میں40ہزار پودے لگائے جائیں گے ۔ اس پراجکٹ کی عمل آوری کے لئے آئی ایف ایس آفیسر پرینکا کا تقرر عمل میں لایا ۔ کے سی آر نے تمام سر پنچوں کو اپنے اپنے دیہاتوں میں واقع تمام دفاتر اور اسکولوں کے احاطوں میں شجر کاری کی ہدایت دی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ حلقہ اسمبلی میدک میں برقی کی موثر سربراہی کے لئے چنا شنکرم پیٹ میں132کے وی سب اسٹیشن کی منظوری کا اعلان کیا اور ساتھ ہی محکمہ برقی کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سال نو کی پہلی تاریخ کو اس کا سنگ بنیاد رکھ دیں ۔ انہوں نے میدک ٹاؤن میں مختلف ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے لئے ایک کروڑ روپے جاری کرنے کا بھی اعلان کیا ۔ منڈل مستقروں کی ترقی کے لئے25لاکھ اور ہر دیہات میں ترقیاتی کاموں کے لئے پندرہ لاکھ روپے جاری کرنے کا اعلان کیا ۔ علاوہ ازیں میدک ٹاؤن میں نظام صفائی میں بہتری لانے کے لئے انڈر گراؤنڈ ڈرین سسٹم کی تعمیر کا بھی اعلان کیا ۔ انہوں نے مسلم شادی خانہ کی تعمیر کے لئے بھی ایک کروڑ روپے منطور کرنے کا اعلان کیا۔
اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی پاپنا پیٹ منڈل کے انکا پلی موضع کے دلتوں میں14ایکڑ زرعی اراضی کے پٹہ جاتوں کی تقسیم عمل میں لائی ۔ اس موقع پر ریاستی وزراء ٹی ہریش راؤ ،جگدیشور ریڈی، ڈپٹی اسپیکر اسمبلی و ایم ایل اے میدک پدما دیویندر یڈی ، اارکان اسمبلی مدن ریڈی ، رام لنگا ریڈی ، مہی پال ریڈی ، چنتا پربھاکر ، رکن پارلیمان میدک کے پربھاکر ریڈی، ضلع پریشد چیرمین راجہ منی مرلی دھر ، تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری دیویندر ریڈی، ایم ایل سیز سدھاکر ریڈی، بھوپال ریڈی، چیف منسٹر کی پرسنل سکریٹری سمیتا سبھر وال، ضلع کلکٹر میدک راہل بوجا ، جوائنٹ کلکٹر میدک اے شرت اور دیگر اعلیٰ عہدیدارموجود تھے ۔

حیدرآباد سے منصف نیوز بیورو کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے میدک ضلع کو تین اضلاع میں تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔ میدک مستقر پر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میدک سدی پیٹ اور سنگا ریڈی تین اضلاع قائم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے تالیوں کی گونج میں یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تین اضلاع کو ترقی کے لئے خاطر خواہ فنڈس فراہم کئے جائیں گے ۔ آئندہ سال سڑکیں ، ڈریپنچ اور پینے کے پانی کے لئے مزید فنڈس کی فراہمی کا انہوں نے تیقن دیا ۔ کے سی آر نے کہا کہ ان کا پسندیدہ پروگرام واٹر گرڈ کو روبعلم لایاجائے گا اور ہر گھر میں نل کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے گا۔ تمام اضلاع میں زیر زمین ڈریپنج فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے اپنے سابقہ تیقن کو دہرایا کہ اگر وہ اپنے وعدے میں پورے نہیں اتریں تو دوبارہ ووٹ نہیں مانگیں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دیگر اضلاع کی بھی تقسیم عمل میں لائی جائے گی تاکہ انتظامیہ کو جوابدہ بنایاجاسکے۔ انتخابات سے قبل جو وعدے کئے گئے اسے بتدریج پورا کیاجائے گا۔

Medak To Be Reorganized Into 3 Districts

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں