آندھرا اسمبلی کے سرمائی اجلاس کا آج آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-18

آندھرا اسمبلی کے سرمائی اجلاس کا آج آغاز

حیدرآباد
پی ٹی آئی
آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کاس رمایہ اجلاس کل سے شروع ہورہا ہے جس کے دوران امکان ہے کہ کم از کم 5بلز کی منظوری عمل میں لائی جائے گی ۔ ان میں اہمیت کا حامل کیپٹل ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی بل بھی شامل ہے ۔ سرمائی اجلاس میں کسانوں کے قرض معافی سے متعلق اسکیم پر عمل آوری کا موضوع بھی چھایا رہ سکتا ہے کیونکہ حکومت اس مسئلہ پر اپنا بیان جاری کرنے کے لئے تیار ہے جبکہ اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی اس اسکیم میں موجود خامیوں کو اجاگر کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو کی زیر قیادت حکومت کو گھیرنے کی کوشش کرے گی ۔ تلگو دیشم حکومت عوامی اہمیت کی حامل دیگر چار مسائل پر بھی بیان دینے کی تیاری کررہی ہے ۔ سرمائی اجلاس 24دسمبر تک جاری رہے گا۔ اجلاس کا پہلا دن حکمراں جماعت کے تروپتی رکن اسمبلی ایم وینکٹ رمنا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد ملتوی کردیاجائے گا۔ وینکٹ رمنا کا15دسمبر کو انتقال ہوگیاتھا ۔ بزنس اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس کل منعقد ہوگا جس کے دوران یہ بات طے کی جائے گی کہ ہفتہ کے دن اسمبلی اجلاس منعقد کیاجائے یا نہیں ۔ عام طور پر ہفتہ کو تعطیل ہوتی ہے تاہم بھاری ایجنڈہ کے پیش نظر کارروائی کے لئے ایام درکار ہیں ۔ کیپٹل ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی( سی آر ڈی اے)وجئے واڑہ کے قریب اے پی کے نئے دارالحکومت کی تعمیر کی نگرانی کے لئے قائم کی جارہی ہے ۔ یہ اتھاریٹی وجئے واڑہ ، گنٹور ، تنالی ، منگل گری اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جگہ لے گی ۔ سی آرڈی اے سے متعلق بل میں نئے لینڈ پولنگ سسٹم کو قانونی دائرہ کار میں لانے کی گنجائش بھی فراہم کی جارہی ہے۔ یہ سسٹم دارالحکومت اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے اراضی حاصل کرنے متعارف کرایا گیا تھا ۔ ملک بھر میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ30ہزار ایکر اراضی، لینڈ پولنگ سسٹم کے تحت حاصل کی جارہی ہے۔ اس سسٹم کے تحت اراضی مالکین کو ترقی میں حصہ دار بنایاجائے گا ۔ ہوا بازی ٹربائن فیول پر اضافی قدر ٹیکس میں کمی کرتے ہوئے ایک فیصد تک کردینے کے لئے حال ہی میں جاری کردہ آرڈیننس کی جگہ بھی ایک بل متعارف کرایاجائے گا ۔ اس کے ساتھ ایک اور بل متعارف کرایاجائے جو انوائس ٹریکنگ سسٹم کے لئے ویاٹ ایکٹ میں ترمیم لائے گا۔
چوتھا بل مختلف منادر کے ٹرسٹ بورڈس کی برخواستگی کے لئے جاری کردہ آرڈیننس کی جگہ متعارف کرایاجائے گا۔ ایک اور بل زرعی مارکٹ کمیٹیوں کی برخواستگی سے متعلق ہے جو سرمائی اجلاس میں پیش کرنے کے لئے حکومت کے ایجنڈہ میں شامل ہے ۔ نئی رریت پالیسی پر بھی حکومت بیان دینے کی تیاری کررہی ہے جس کے تحت ریت کی نکاسی اور فروخت کے حقوق خواتین سیلف ہیلپ گروپس کو دئے جارہے ہیں ۔ حکومت، جنوری سے اسمارٹ اے پی پروگرام کے آغاز کا منصوبہ بھی رکھتی ہے۔سماج کے مختلف طبقات کے لئے سماجی سلامتی وظائف میں اضافہ اور سرخ صندل کی لکڑی کے اسمگلروں کے صفائے کا مسئلہ بھی سرمائی اجلاس میں اٹھایا جائے گا ۔ وزیر امور مقننہ اور فینانس رائی رام کرشنوڈو نے بتایا کہ ہم کئی ایسے امور پر کام کررہے ہیں جن کے بارے میں عوام کے سامنے وضاحت پیش کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس لئے ہم نے اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں ان مسائل پر اپنے طور پر بیانات جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

AP Assembly's Winter Session Begins, Condemns Peshawar Carnage

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں