سعودی عرب - 860 ارب ریال کے ریکارڈ بجٹ کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-26

سعودی عرب - 860 ارب ریال کے ریکارڈ بجٹ کا اعلان

ریاض
سعودی پریس ایجنسی
سعودی عرب نے جمعرات کو کابینہ کے ہنگامی اجلاس کے دوران 2014-15مالی سال کے لئے تاریخ کے سب سے بڑے قومی بجٹ کا اعلان کردیا ۔ اخراجات کا تخمینہ 860ارب ریال متوقع آمدنی کا اندازہ715ارب ریال لگایاگیا ہے ۔ ممکنہ خسارہ145ارب ریال ہوگا۔ کابینہ نے ولیعہد نائب وزیر اعظم ووزیر دفاع شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ریاض کے قصر یمامہ میں خصوصی اجلاس میں نئے قومی بجٹ کی منظوری دی۔ خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے اس موقع پر قوم کے نام پیغام میں اطمینان دلایاکہ متوازن اور جامع ترقی کاعمل جاری رکھا جائے گا ۔ سرکاری اور نجی شعبوں میں ملازمت کے مزید مواقع مہیا کئے جائیں گے ۔ انہوں نے وزارتوں، محکموں اور سرکاری اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عالمی اقتصاد کو در پیش مشکلات، شرح نمو میں کمی اور تیل کی نرخوں میں گراوٹ کو مد نظر رکھ کر کفایت شعاری سے کام لیاجائے۔ عوام کے کاموں میں کوئی خلل نہ پیدا ہونے دیاجائے ۔ عوامی خدمات کا معیار بہتر بنایاجائے ۔ گزشتہ برسوں کے بجٹوں میں منظور شدہ منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں ۔ پرائیویٹ اور سرکاری سیکٹر جل کر شرح نمو برقرار رکھنے کا اہتمام کریں۔ تعلیم کو فروغ دیں کیونکہ ترقی کا تمام تر دارومدار اسی پر ہے۔ شاہ عبداللہ نے لیبر مارکیٹ میں بگاڑ کو درست کرنے پر بھی زور دیا۔ شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ خیر وبرکت کا بجٹ ہے۔ امید ہے سب لوگ شاہی ہدایت کے مطابق بجٹ کے اہداف بہتر شکل میں پورے کریں گے ۔ خادم حرمین شریفین، پانی مملکت اور آباء و اجدا کی طرح اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کا فرض مناسب طریقے سے انجام دیتے رہیں گے ۔ وزارت خزانہ نے توقع ظاہر کی کہ2014ء کے دوران حقیقی اخراجات 1100ارب ریال تک پہنچ جائیں گے۔ سال کے اختتام تک حقیقی آمدنی 1046ارب ریال کے لگ بھگ ہوگی، سعودی عرب نے امید ظاہر کی کہ مقررہ نرخوں کے لحاظ سے2014ء میں مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو3.59فیصد ہوگی جب کہ2013ء کے دوران یہ شرح2.67فیصڈ تھی ۔ شاہ عبداللہ نے وزیر خزانہ کو بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لئے قومی اثاثوں سے رقم نکالنے یا قرضہ لینے کا اختیار تفویض کیا ہے۔ حکومت نے جاری منصوبوں کے لئے بجٹ سے رقم دینے کے ضابطے سخت کردیے ۔ 2015ء کابجٹ145ارب ریال خسارے کا ہوگا ۔ سعودی حکومت نے اطمینان دلایا کہ وزارتوں ، محکموں اور سرکاری اداروں میں اصلاح و مرمت اور سرکاری کام کاج چلانے کے لئے کئے گئے معاہدوں کے اخراجات پورے کئے جائیں گے ۔ سعودی حکومت نے آئندہ مالی سال کے دوران بلدیاتی کونسلوں کے لئے38ارب ریال مختص کئے ہیں۔ تعلیم کے لئے217ارب ریال، ٹرانسپورٹ کے لئے63ارب ریال، اعلیٰ تعلیم کے لئے12.3ارب ریال ، صحت و سماجی خدمات کے لئے160ارب ریال اور اکنامک ریسورسز کے لئے60ارب ریال مختص کئے ہیں۔ تیل کے سواسرکاری و نجی شعبوں کی قومی پیداوار کے حوالے سے8.21فیصد شرح نمو متوقع ہے ۔ سرکاری شعبہ میں6.06فیصد اور نجی شعبہ میں9.11فیصد شرح نمو کی توقع ظاہر کی گئی ہے ۔ جہاں تک تیل کے شعبے کا تعلق ہے تو موجودہ نرخوں کے حوالے سے اس میں7.17فیصد کی کمی ریکارڈ پر آئی ہے۔ سعودی وزارت خزانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آنے والے برسوں کے دوران آمدنی کم ہونے پر گزشتہ بجٹوں کی فاضل رقوم سے فائدہ اٹھایاجائے گا جبکہ 2013ء کے آخر میں2.1فیصد تھا ۔ وزارت ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عبدالعزیز الخضیری نے واس کوبتایاکہ سعودی حکومت ، تعلیم، صحت، امن و سلامتی ، سماجی خدمات ، بلدیاتی کونسلوں، فراہمی و نکاسی آب، سڑکوں، ای گورنمنٹ کے منصوبوں اور سائنس ریسرچ پر سرمایہ لگاتی رہے گی ۔ یہ کام موجودہ اور آئندہ وسیع تر نسلوں کے مفاد میں جاری رکھاجائے گا۔ موجودہ اخراجات کو حتی الامکان کنٹرول کیاجائے گا ۔ تنخواہوں، محنتانوں ، اور الاؤنس وغیرہ کے اخراجات کو مزید محدود کیاجائے گا۔ یہ اخراجات قومی بجٹ کا50فیصد حصہ چٹ کر جاتے ہیں ۔ وزارت خزانہ ووزارت اقتصاد و منصوبہ بندی نے10ویں ترقیاتی منصوبے کے حوالے سے ربط و ضبط پیدا کرلیا ہے ۔ یہ منصوبہ1436-37ھ کے دوران شروع ہوگا ۔ ریلوے جنرل کارپوریشن کے لئے ایک ارب657ملین ایک لاکھ8ہزار ریال مختص کئے گئے ۔سعودی عربین جنرل انویسٹمنٹ اتھارٹی کے لئے3041ملین6لاکھ ریال تکنیکی و پیشہ وارانہ تربیت کے اعلیٰ ادارے کے لئے5ارب 274ملین لاکھ30ہزار ریال، کنگ عبدالعزیز سٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے لئے2ارب407ملین، 5لاکھ28ہزار ۔ پبلک مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے لئے664ملین8ہزار ریال۔ کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر کے لئے 7ارب27ملین 5لاکھ84ہزار ریال۔ ایٹمی توانائی کنگ عبداللہ سٹی کے لئے566ملین2لاکھ47ہزار ریال مختص کئے گئے ۔

KSA unveils SR860 billion-budget for 2015

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں