عراق میں آئی ایس کا حملہ - 19 پولیس ملازمین ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-15

عراق میں آئی ایس کا حملہ - 19 پولیس ملازمین ہلاک

بغداد
یو این آئی
عراق میں سر گرم اسلامی ریاست کے جنگجوؤں نے الوفا کے پولیس ہیڈ کوارٹر پر حملہ کر کے تقریباً19پولیس عہدیداروں کو قتل کردیا ہے ۔ جب کہ شمال میں داعش نے عراقی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر مار گرایا ہے ۔ عراقی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہیلی کاپٹر گرانے کا واقعہ دارالحکومت بغداد سے95کلو میٹر شمال میں واقع سماہ شہر کے نزدیک پیش آیا ۔ عراق کی وزارت دفاع کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بین الاقوامی خبر ساں ادارے کو بتایا ہے کہ انتہا پسندوں نے کندھے پر رکھ کر فائر کرنے کیے جانے والے راکٹ کے ذریعہ ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا۔ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔و اضح رہے کہ خلافت اسلامیہ کے جنگجوؤں کا نشانہ بننے والا عراقی فوج کا یہ تیسر اہیلی کاپٹر ہے۔ اس سے قبل اکتوبر میں بھی جنگجوؤں نے وسطی شہر بائیجی میں دو فوجی ہیلی کاپٹر مار گرائے تھے۔ خیال رہے کہ سمارہ کی اکثریتی آبادی شیعہ ہے جس کے رضا کاروں کے لشکر عراقی فوج کے ساتھ مل کر سنی شدت پسندوں کی پیش قدمی کے خلاف شہر کا دفاع کررہے ہیں ۔ عراقی حکام کے مطابق شدت پسندوں نے صوبائی دارالحکومت رمادی سے45کلو میٹر مغرب میں اوقع قصبے کی جانب جمعہ کو پیش قدمی شروع کی تھی اور شدت پسند ہفتے کی صبح قصبے پر قابض ہوگئے تھے۔
قصبے کے میئر حسین قصار نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ قصبے کی پولیس جمعہ کی صبح سے شدت پسندوں کی پیش قدمی روکنے کی کوشش کررہی تھی لیکن اسلحے کی کمی کے باعث پولیس عہدیداروں کو پسپا ہونا پڑا ۔ قصبے کے میئر نے شکوہ کیا کہ شدت پسندوں کی پیش قدمی روکنے اور قصبے کے دفاع کے لئے انہیں کسی جانب سے کوئی مدد فراہم نہیں کی گئی۔ میئر نے ٹیلی فون کے ذریعہ ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ وہ سنی جنگجوؤں اور پو پلیس عہدیداروں کے ہمراہ قصبے کے نواح میں موجو د پولیس ہیڈ کوارٹر میں محصور ہیں جسے شدت پسندوں نے گھیر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں فوری مدد نہ پہنچی تو پولیس کے دفتر میں پناہ گزین تمام افراد کے شدت پسندوں کے ہاتھوں قتل عام کا خدشہ ہے۔ عراقی سیکوریٹی فورسز نے ضلع دیالی میں آئی ایس کے ڈپٹی گورنر کو بغداد کے مغرب میں الغزلیہ کے مقام سے حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ تاہم گرفتار شدت پسند کمانڈر کا نام نہیں بتایا گیا ۔ العربیہ کے مطابق عراق کی وفاقی دارالحکومت بغداد کی پولیس کے کنٹرول روم کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ داعش جنگجو کے قبضے سے آڈیو اور ویڈیو مواد ذخیرہ کرنے والی متعدد کلپس بھی قبضے میں لئے ہیں جن میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کی ترغیبات پر مبنی تقاریر ریکارڈ کی گئی ہیں۔ آپریشن کنٹرول روم کے مطابق پولیس کے بریگیڈ 25کے عہدیداروں نے انٹلی جنس ذرائع کی معلومات کی بنیاد پر بغداد کے قریب شہداء کالونی میں چھاپ مار کر دہشت گردوں کاذخیرہ کردہ دھماکہ خیز مواد، لائیٹرز، فوجی وردیاں اور بارودی سرنگوں کی بڑی تعداد قبضے میں لے لی ۔ بستان اور الفرات کالونیوں میں داعش کے بارود بنانے کے دو مراکز پر چھاپ مار کر بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد قبضے میں لیا ہے ۔

ISIS storms town in western Iraq, kills 19 police

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں