حیدرآباد کو ترقی یافتہ شہر میں تبدیل کر دیا جائے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-27

حیدرآباد کو ترقی یافتہ شہر میں تبدیل کر دیا جائے گا

حیدرآباد
یو این آئی/منصف نیو ز بیورو
حیدرآباد میں2018ء میں باوقار گلوبل آئی ٹی کانفرنس منعقد ہوگی ۔تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج اس بات کا انکشاف کیا ۔ پیپلز پلازہ نکلیس روڈ پر ڈرائیور کم اونر اسکیم کے تحت نئے مالکین کو زائد از300کاریں حوالے کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ ان کی حکومت، حیدرآباد کو ایک گلوبل سٹی میں تبدیل کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے حصول کے لئے انہیں ہنر مندر بنانا ضروری ہے ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ حکومت، شہر میں اسکل ڈیولپمنٹ یونیورسٹی کے قیام کے لئے درکار اراضی مہیا کرے گی ۔ نمائندہ منصف کے بموجب چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے پھر ایک بار اعادہ کیا کہ شہر حیدرآباد کو حقیقی معنوں میں عالمی درجہ کے حامل شہر میں تبدیل کردیاجائے گا ۔ آج پیپلز پلازہ نکلس روڈ پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ڈرائیور کم اونر اسکیم کے تحت منعقدہ کاروں کی تقسیم پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے حیدرآباد کی ترقی کو نظر انداز کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی جانب سے شہر کو غیر قانونی قابضین اورلینڈ مافیا کے حوالہ کردیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ ، شہر حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے اور یہاں شہریوں کی زندگیوں میں معاشی انقلاب برپا کرنے منصوبہ بندی کررہی ہے ۔ اس تاریخی شہر کو ایسے ترقی یافتہ شہر میں تبدیل کردیاجائے گا جو کسی کے خواب و خیال میں بھی نہیں ہوگا۔ چندر شیکھر راؤ نے یقین دلایا کہ تلنگانہ کے بے روزگار عوام کو مختلف شعبوں میں روزگار سے جوڑنے اور صلاحیتوں میں نکھار لانے کے لئے اسکل ڈیولپمنٹ یونیورسٹی قائم کرنے اراضی فراہم کی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے2018ء میں حیدرآباد میں عالمی انفارمیشن ٹکنالوجی کانفرنس منعقد کرنے کے فیصلہ کو حیدرآباد اور ریاست تلنگانہ کے لئے باعث فخر قرار دیا ۔ ملک کے دیگر شہروں کو چھوڑ کر اس کانفرنس کے انعقاد کے لئے حیدرآباد کے انتخاب کو حیدرآباد کی تاریخی اہمیت کو قبول کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ وہ حیدرآباد اور تلنگانہ کے دوسرے شہروں کی ترقی کے لئے ممکنہ اقدامات کررہے ہیں ۔ انہوں نے ڈرائیور کم اونر اسکیم کو مزید1.600افراد تک وسعت دینے کمشنر بلدیہ سومیش کمار سے اپیل کی ۔ تا حال بلدیہ کی جانب سے406افراد کو اس اسکیم سے مربوط کیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نوجوان اس اسکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے مستقبل کو تابناک بناسکتے ہیں ۔
مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنے اور ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے لئے تجویز کردہ اسکل ڈیولپمنٹ یونیورسٹی کے قیام کے لئے درکار فنڈس کی فراہمی کے لئے مرکزی حکومت ہر طرح سے مدد کرے گی ۔ کمشنر بلدیہ سومیش کمار نے کہا کہ بلدیہ کی جانب سے21کروڑ کے مصارف سے ڈائیور کم اونر اسکیم پر عمل کیاجارہا ہے ۔ اس اسکیم کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے3کروڑ روپے کی سبسیڈی دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 303کاروں میں105کاروں کو مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کرایہ پر حاصل کیاجائے گا ۔ ماباقی کاروں کو پرائیوٹ کیاب سرویس کے طور پر چلایاجائے گا ۔ سومیش کمار نے کہا کہ ماروتی سوزوکی کی جانب سے303کار ڈرائیورس کو فی کس پچاس ہزار روپے کا انشورنس کور فراہم کیا گیا ہے ۔ قبل ازیں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے303کار ڈرائیورس کو کاروں کی چابیاں حوالہ کیں ۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف مسٹر محمد محمود علی ، ڈاکٹر راجیا، ریاستی وزیر این نرسمہا ریڈی ، ٹی پدما راؤ ، پی مہندر ریڈی ، ٹی سرینواس یادو ، رکن پارلیمنٹ کے وشویشور ریڈی ، ارکان اسمبلی کونسل و بلدی عہدیداروں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

Hyderabad will be a global city soon: KCR

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں