حیدرآباد پولیس خدمات کو عالمی سطح کا بنانے کے لئے اقدامات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-29

حیدرآباد پولیس خدمات کو عالمی سطح کا بنانے کے لئے اقدامات

حیدرآباد
یو این آئی
حیدرآباد پولیس کمشنریٹ کی عمارت کی تعمیر کے لئے تلنگانہ حکومت نے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ بنجارہ ہلز روڈنمبر بارہ میں یہ عمارت قائم کی جائے گی ۔ دونوں شہروں حیدرآباد اورسکندرآباد میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے لئے بھی حکومت کی جانب سے ایک علیحدہ اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ حیدرآبادکو عالمی سطح کا شہر بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے حصہ کے طور پر حکومت سیکوریٹی پر توجہ دے رہی ہے ۔ ریاستی حکومت پولیس خدمات کو عالمی سطح کا بنانے کے لئے اقدامات کررہی ہے ۔ بنجارہ ہلزروڈ نمبر بارہ میں چھ ایکڑ اراضی کی پولیس کمشنریٹ کی تعمیر کے لئے نشاندہی کی گئی ہے ، جہاں پر پولیس کمشنریٹ کے علاوہ پولیس ہیڈ کوارٹرس بھی تعمیر کیاجائے گا ۔ عالمی سطح پر عصری تکنیکی مسہولتوں کے ساتھ اس عمارت کی تعمیر عمل میں آئے گی ۔
کمشنریٹ کی عمارت کی تعمیر کے پراجیکٹ کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ اس کمیٹی کے صدر نشین چیف سکریٹری راجیو شرما ہوں گے ۔ ڈی جی پی محکمہ عمارات وشوارع کے پرنسپل سکریٹری محکمہ داخلہ کے پرنسپل سکریٹری محکمہ فائنانس کے پرنسپل سکریٹری میٹرو ریل لمٹیڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر اور سائبرآباد پولیس کمشنر اس کمیٹی کے ارکان ہوں گے ، جب کہ حیدرآباد کمشنر پولیس اس کے ممبر کنوینر ہوں گے ۔ سائبر آباد کمشنریٹ حدود میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے لئے بھی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ چیف سکریٹری اس کمیٹی کے صدر نشین ہوں گے۔ محکمہ داخلہ کے پرنسپل سکریٹری ، ڈی جی پی محکمہ فائنانس کے پرنسپل سکریٹری، کمشنر گریٹر حیدرآباد بلدیہ اور حیدرآباد میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر اور سائبر آباد کے کمشنر اس کمیٹی کے ارکان ہوں گے ۔ حیدرآباد پولیس کمشنر اس کمیٹی کے ممبر کنوینر ہوں گے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں