مسلمان ملک چھوڑنے والے نہیں - بھٹکل میں اسدالدین اویسی کا خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-29

مسلمان ملک چھوڑنے والے نہیں - بھٹکل میں اسدالدین اویسی کا خطاب

بیدر
اعتماد نیوز
یہ وطن ہمارا ہے اور جب تک اس دنیا میں اسلام باقی ہے اس وقت تک دین ہندستان میں بھی باقی رہے گا۔ ہم کسی کے ڈرانے سے ڈرنے والے نہیں ، کسی کے دھمکانے سے ہماری ہمتیں پست ہونے والی نہیں، ہم کسی کے کہنے سے یہ ملک چھوڑنے والے نہیں ۔ فرقہ پرست طاقتیں اقتدار پر آکر ہمارے ووٹوں سے اپنا الو سیدھا کررہی ہیں لیکن اب سن لو کہ ہندوستان کامسلمان جاگ چکا ہے اور وہ دور بھی قریب ہے جب ہماری حکومت ہوگی اور آپ ہماری غلامی کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے صدر معزز رکن پارلیمنٹ نقیب ملت جناب بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کیا۔ وہ آج مجلس اصلاح تنظیم کے صد سالہ جشن کے تیسرے روز بعد عصر اتحاد بین المسلمین کے عنوان پر سینکڑوں لوگوں کی موجودگی میں پر اثر خطاب کررہے تھے۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ دستور ہند نے ہمیں ہندوستان میں جینے کا حق دیا ہے اور کوئی بھی ہمیں یہاں سے نکال نہیں سکتا ۔ ہمارے اسلاف نے جو فیصلہ ہندوستان میں رہنے کا کیا تھا اسی فیصلہ پر عمل کرتے رہیں گے اور ہندوستان ہمارے حقوق حاصل کرکے رہیں گے چاہے کسی کوہمارا یہاں رہنا ناگوار گزرے۔ سر زمین پر سب سے پہلے ہمارے باپ آدم نے قدم رکھا اس وجہ سے یہ سرزمین ہماری ہے ۔ ابھی حال ہی میں آگرہ میں پیش آئے مذہب تبدیلی کی تقریب پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ گھر واپسی کے بجائے پیسے واپسی بات کریں اور ملک میں غریبی دور کرنے کے سلسلہ میں غور کریں ۔ آج ملک میں سب سے پچھڑا طبقہ مسلمان کا ہے ، ہر جگہ غربت مسلمانوں میں سب سے زیادہ ہے، جیلوں میں سب سے زیادہ مسلمان ہیں ، اس طرح کے حالات ملک میں اس لئے پیش آرہے ہیں کہ ہم کو صرف استعمال کیاجارہا ہے ۔ اس ملک میں مسلمانوں کے لئے کسی نے بھی اچھا نہیں کیا۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے مسلمانوں کے لئے کام کرنا شروع کردیا تھا لیکن2009ء کے بعد انہوں نے بھی یہ کام چھوڑ دیا ۔
انہوں نے بھٹکل کے سلسلہ میں کہا کہ ہمارے آباء ا جداد نے بھٹکل میں رہنے کا فیصلہ کیاتھا اس لئے ہم بھٹکل کو چھوڑ کر جانیو الے نہیں ۔ میں بھٹکل میں اس لئے آیاہوں کہ ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے ۔ تنظیم کے سلسلہ میں ان کا کہنا تھا کہ اس نے خدمت خلق میں جس طرح کام کیا ہے وہ اپنا ایک عظیم ریکارڈ بنا چکی ہے۔ انہوں نے مسلم نوجوانوں کو سیاسی میدان میں آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ جب تک سیاست میں نہیں اتریں گے ہمارے مسائل حل نہیں ہوں گے ۔ اس موقع پر مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر مزمل قاضیا ، معتمد الطاف کھروری، اس کے علاوہ جناب عبداللہ دامودی، چیرمین ایس ایم خلیل الرحمن ،شہر کے دو صاحبان قاضی مولانا اقبال ملاں ، مولانا خواجہ معین الدین، جامعہ مسجد کے خطیب و امام مولانا عبدالباری ندوی اور دوسرے موجود تھے ۔

Asaduddin Owaisi Speech in Bhatkal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں