آسام انتہا پسندوں سے نمٹنے بھوٹان سے مدد لینے کا ارادہ - راجناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-26

آسام انتہا پسندوں سے نمٹنے بھوٹان سے مدد لینے کا ارادہ - راجناتھ سنگھ

گوہاٹی/سونت پور
پی ٹی آئی
آسام میں مخالف بات چیت این ڈی ایف بی ایس انتہا پسندوں کے ہاتھوں قبائلیوں کے قتل عام کے پیش نظر مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے وزیر خارجہ سشما سوراج سے درخواست کی ہے کہ وہ ممنوعہ انتہا پسند گروپ سے نمٹنے بھوٹان سے مدد طلب کریں۔ راج ناتھ سنگھ نے کل رات سشما سوراج سے بات چیت کی اور ان سے درخواست کی کہ وہ فوری ہمالیائی ملک کے عہدیداروں سے مشاورت کریں ۔ باور کیاجاتا ہے کہ این ڈی ایف بی نے ہند، بھوٹان سرحد پر واقع گھنے جنگلات میں اپنے چند اڈے قائم کرلیے ہیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جب کبھی سیکوریٹی فورسس این ڈی ایف بی کے خلاف کارروائی کرتی ہیں تو اس گروپ کے کیڈرس اکثر بھوٹان کے علاقہ میں داخل ہوجاتے ہیں اور انہیں تلاش کرنا مشکل ہوجاتا ہے ۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق مرکز نے آج وعدہ کیا کہ این ڈی ایف بی ایس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور وہ الفا کے خلاف مماثل کارروائیوں کے لئے بھوٹان کی مدد طلب کرنے پر غور کررہا رہا ہے ۔ اسی دوران بوڈو انتہا پسندوں کے ہاتھوں قتل عام اور آدی واسیوں کے جوابی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد78تک پہنچ گئی ہے ۔ کوکرا جھار کے دو سائی گاؤں علاقہ میں آج صبح تشدد کے تازہ واقعات پیش آئے، جہاں آدی واسیوں نے جوابی کارروائی کے طور پر کئی بوڈوؤں کے مکانات کو آگ لگا دی ۔ سارے ضلع میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو کے باوجود گزشتہ د و روز سے جوابی حملوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج زیریں آسام کے تشدد سے متاثرہ تین اضلاع میں شامل سونت پور کا دورہ کیا۔ انہوں نے بوڈو انتہا پسندوں کے ہاتھوں قتل عام کے بعد پیدا ہونے والی صورتحا ل کا جائزہ لیا اور تیقن دیا کہ ایسے منصوبہ بند دہشت گرد حملوں کے خلاف مرکزکی صفر تحمل پالیسی کے تحت این ڈی ایف بی ایس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ پولیس کے ایک ترجمان نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ انتہا پسندوں نے منگل کے دن جملہ71افراد کو ہلاک کیا۔ سونت پور میں43کوکرا جھار میں25اور ضلع چیرانگ میں 3افراد کو ہلاک کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ آج مزید چھ نعشتیں برآمد ہوئی ہیں۔ مہلوکین میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں ۔ اس تنظیم کے خلاف کارروائیوں سے متعلق استفسار پر راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ یقیناًکارروائی شروع کی جائے گی ۔ لیکن میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ کب شروع کی جائے گی۔ حکومت نے اس حملہ کو بے حد سنجیدگی سے لیا ہے ۔ ہم نے ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔2003-04کے دوران بھوٹان نے الفا کے انتہا پسندوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی تھی اور اس ملک سے ان کے تمام ٹھکانوں کا صفایا کردیا تھا ۔ پولیس ترجمان کے مطابق بد ترین متاثرہ ضلع سونت پور کی میٹا لو بستی سے آج صبح مزید چھ نعشیں برآمد کی گئی ہیں۔ یہ علاقہ ارونا چل پردیش کی سرحد سے متصل ہے ۔ ان نعشوں کے برآمد ہونے کے ساتھ ہی اس ضلع میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد43ہوگئی ہے۔ کل اس قتل عام کے خلاف احتجاج کے دوران پولیس کی فائرنگ میں تین آدی واسی ہلاک ہوگئے تھے ۔

Govt seeks Bhutan's help to tackle NDFB

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں