گوا منشیات کا مرکز اور ہندوتوا کی تجربہ گاہ بن گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-18

گوا منشیات کا مرکز اور ہندوتوا کی تجربہ گاہ بن گیا

پاناجی
آئی اے این ایس
کانگریس نے آج بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیر قیادت گوا حکومت کی کارکردگی پر5صفحات پر مشتمل فہرست الزامات چارج شیٹ جاری کی ہے ۔ اس فہرست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بی جے پی کے اقتدار میں ریاست گوا منشیات کا مرکز اور ہندوتوا کی تجربہ گاہ بن گئی ہے ۔ یہ چارج شیٹ، دارالحکومت پاناجی کے قریب واقع ایک ریسارٹ میں کانگریس کے ایک اجلاس میں پیش کی گئی ۔ اس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گوا حکومت معاشی استحکام ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے لا اینڈآرڈر کی صورتحال پر قابو پانے اور بد عنوانیوں کی روک تھام میں ناکام ہوچکی ہے ۔ پانچ صفحات پر مشتمل اس فہرست الزامات کے دو پیراگراف میں یہ بتایا گیا ہے کہ کس طرح ریاست میں گوا کی بی جے پی حکومت، ریاستی خزانہ کو ہندو توا کے فروغ میں استعمال کیا گیا ہے ۔ عوامی خزانے کی رقومات کو کلچر، ادب اور روحانیت کی لبادہ اوڑھے ہوئے ایسے اداروں اور تنظیموں کو ادا کیاجارہا ہے جو ہندو توا کا پرچار کرتی ہیں اور سماج کو تقسیم کرنے کے لئے نفرت پر مبنی ایجنڈہ پر عمل کرتی ہیں۔ اس چارج شیٹ میں لگائے گئے الزامات کو صدر گوا کانگریس لی ژنہو فلیرو اور کل ہند کانگریس کے جنرل سکرٹری و انچارج گوا کانگریس ڈگ وجئے سنگھ نے توثیق کی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ گوا میں پر امن طریقہ سے ترقی اور یکجہتی کی حامل ریاست گوا کی موجودہ حکومت مکمل طورپر دائیں بازو کی ان طاقتوں کے ہاتھوں میں ہے اور سماج میں نا اتفاقی اور خوف کو پھیلا رہی ہیں۔
چارج شیٹ میں مزید کہا گیا کہ حکمراں بی جے پی سماج کو فرقہ وارانہ خطوط پر تقسیم کرنے کے بیج بورہی ہے اور دوسری طرف چرچوں اور مذہبی فیسٹول کی تصاویر شائع کرتے ہوئے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کررہے کہ وہ بھائی چارگی کو فروغ دے رہی ہیں۔ چارج شیٹ میں کہا گیا کہ حکومت گوا ریاست میں سیاحت کو فروغ کے نام پر کیسینووا،الیکٹرانک ڈانس میوزک ، منشیات کی تجارت اور فحاشی کو فروغ دے رہی ہے ۔ کانگریس کی جانب سے چارج شیٹ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ریاستی بی جے پی کے نائب صدر ولفریڈ ماسکینٹا نے کہا کہ کانگریس نے بھونڈے الزامات لگائے ہیں۔ ان میں سے کسی ایک الزام پر بھی ثبوت نہیں دئیے گئے ہیں ۔ مسکینٹا نے گوا میں2012ء سے قائم بی جے پی حکومت کی مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کانگریس اپنے الزامات پر کوئی ثبوت فراہم کرتی ہے تو میں اس کا جواب دوں گا ۔ یہ الزامات مایوسی کا اظہار ہیں جوہمیشہ فلیور کی جانب سے پیش کئے جاتے ہیں ۔ یہ تمام الزامات اتنے غیر اہم ہیں کہ ان پر جواب دینا ضروری نہیں ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں