بہتر حکمرانی کسی بھی ملک کی ترقی کی ضامن - مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-26

بہتر حکمرانی کسی بھی ملک کی ترقی کی ضامن - مودی

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے عوام کو ایک شفاف موثر اور جوابدہ حکومت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے آج کہا کہ بہتر حکمرانی کسی بھی ملک کی ترقی کی ضامن ہے ۔ مودی نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی یوم پیدائش پر منائے جانے والے یوم بہتر حکمرانی کے موقع پر قوم کے نام پیام میں کہا کہ آج ہمارے عزیز لیڈر سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی سالگرہ ہے اور اس موقع پر ہم اس ملک کے عوام کو ایک شفاف موثر اور جوابدہ حکومت فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سٹیزن فرسٹ، ہمارا منتر ، ہمارامقصد اور ہمارا اصول ہے ۔ حکومت کو شہریوں کے قریب لانا میرا خواب رہاہے تاکہ وہ حکمرانی کے عمل میں حصہ دار بن سکیں ۔ ہماری حکومت گزشتہ7مہینوں سے اس مقصد کے حصول کے لئے مسلسل کام کررہی ہے۔my gov.in/اورInteract With PMکا مقصد اس شراکت داری کو بامعنی بنانا ہے۔ ان اقدامات پر جس طرح سے ہمیں غیر معمولی مثبت رد عمل ملاہے اس سے ہم پر ایک بڑی ذمہ داری آگئی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میرے ہم وطنو میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم آپ کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہترحکمرانی کے لئے ایک اہم قدم حکومت کے کام کا ج کو آسان بنانا ہے تاکہ پورے نظام کو شفاف اور تیز رفتار بنایاجاسکے ۔ حلف ناموں اور دستاویزات کی تصدیق کی جگہ تصدیق شدہ دستاویزات کی سمت میں قدم بڑھانا شہریوں اور حکومت کے درمیان اعتماد کی ایک اور علامت ہے ۔ قدیم اور پیشیدہ قوانین جن کی اب کوئی ضرورت نہیں رہ گئی ہے انہیں ختم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔ ان قوانین کو منسوخ کئے جانے کے ایکٹ کے پہلے ہی شناخت کرلی گئی ہے ۔ اور دوسرے دیگر قوانین کا بھی جائزہ لیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری حکومت ڈیجیٹیل انڈیا کو یقینی بنانے کی سمت بھی قدم اٹھارہی ہے تاکہ سماج کو ڈیجیٹل خود اختیاری فراہم کی جاسکے اور معلومات پر مبنی معاشی ترقی کو یقینی بنایاجاسکے ۔۔انہوں نے کاہ کہ ڈیجیٹل انڈیا پروگرام پر مرحلہ وار عمل کیاجائے گا ۔ اس میں سرکاری خدمات کوالیکٹرانک کے ذریعہ شہریوں تک پہنچایا جائے گا اور اس سے جواب دہی میں زبردست اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ الکٹرانک کے ذریعہ شہریوں کو خدمات فراہم کرنے سے کسی کو انکار کرنا مشکل ہوجائے گا ۔ مودی نے کہا کہ بہتر حکمرانی اس سلسلہ میں پہلا قدم ہے ۔
پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب وزیر اعطم نریندر مودی نے آج سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی سے ملاقات کرکے انہیں ان کے جنم دن اور بھارر رتن سے نوازے جانے پر مبارکباد پیش کی۔ مودی نے آج صبح واجپائی کے گھر جاکران سے ملاقات کی اور انہیں گلدستہ پیش کرتے ہوئے جنم دن کی مبارکباد دی ۔ حکومت نے کل واجپائی کو بھارت رتن سے نوازے جانے کااعلان کیاتھا ۔ واجپائی کا آج91واں جنم دن ہے جسے ملک میں یوم بہتر حکمرانی کے طور پر منایاجارہا ہے ۔

Development and good governance only ways ahead: Narendra Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں