تبدیلی مذہب مسئلہ - مودی کے گریز سے راجیہ سبھا کی کارروائی میں خلل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-26

تبدیلی مذہب مسئلہ - مودی کے گریز سے راجیہ سبھا کی کارروائی میں خلل

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سی پی آئی ایم نے آج کہا کہ تبدیلی مذہب کے مسئلہ پر اشتعال انگیز بیانات دینے والی بی جے پی وزراء اور ارکان پارلیمنٹ کے خلاف کارروائی کا تیقن دینے سے وزیر اعظم نریندر مودی کے گریز کے سبب راجیہ سبھا کی کارروائی میں خلل پڑا ۔ سینئر سی پی آئی ایم قائد سیتا رام یچوری نے کہا کہ جولوگ بالخصوص منتخبہ بی جے پی وزراء و ارکان پارلیمنٹ دستوری اور تعزیارت ہند کے تحت دی گئی ضمانتوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں انہیں ان کے جرائم کی سز ا دی جانی چاہئے ۔ وزیر اعظم نے ایوان میں ایسا کوئی تیقن دینے سے انکار کردیا اور اسی وجہ سے راجیہ سبھا کی کارروائی میں خلل پڑا ۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی مملکتی وزیر نرنجن جیوتی کی جانب سے قبل ازیں پارلیمنٹ میں کیے گئے متنازعہ تبصروں پر مودی کی ناپسندیدگی کے باجود ایسے اشتعال انگیز بیانات کا سلسلہ جاری رہا ۔ یہ حکومت کی ہٹ دھرمی ہے کہ وہ اپنے ارکان پارلیمنٹ ، وزراء اور ترجمانوں کے خلاف کسی کارروائی کا تیقن نہیں دے رہی ہے جواپنے پوشیدہ ہندو توا ایجنڈہ پر عمل آوری کی کوشش میں تخریب کاری کررہے ہیں۔ یچوری نے سی پی آئی ایم کے ترجمان پیپلز ڈیمو کریسی کے حالیہ شمارہ میں اپنے اداریہ میں کہا کہ اپوزیشن کو مورد الزام ٹھہرانا پرانی عادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں مودی ایک مملکتی وزیر کے تبصرہ پر اظاہر تاسف کرنے پر مجبور ہوگئے ۔ جنہوں نے بی جے پی کے مخالفین کے لئے غیر پارلیمانی زبان کا استعمال کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس وزیر نے معذرت خواہی سے انکار کردیا تھا اور آخر کار انہیں کرسی صدارت کی جانب سے پیش کئے گئے حل کو قبول کرنا پڑاجس میں ایوان نے ایسے تبصروں پر ناپسندیدگی کا اظہار کیاتھا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی مختصر سی مداخلت کے باوجود چاہے وہ کتنے ہی باشعور کیوں نہ ہوں، آر ایس ایس ، بی جے پی قائدین اعلیٰ سطح پر ایسے اشتعال انگیز بیانات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جن سے ملک میں فرقہ وارانہ اختلافات گہرے ہوتے ہوں، کولکتہ میں آر ایس ایس سربراہ کے تبصرے اور کیرالا میں مذہبی تبدیلی می مہم جاری رکھنے کے پابند عہد ہونے بی جے پی صدر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سی پی آئی ایم لیڈر نے کہا کہ اس طرح انہوں نے راجیہ سبھا کی آخری دو دن کی کارروائی میں خلل کو یقینی بنایا۔

Conversion row disrupts Rajya Sabha

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں