لوک پال سلکشن پینل میں کانگریس قائد کی شمولیت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-12

لوک پال سلکشن پینل میں کانگریس قائد کی شمولیت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
لوک سبھا میں کانگری قائد کو لوک پال ادارے کے صدر نشین اور ارکان کا انتخاب کرنے والی کمیٹی میں شامل کیاجائے گا اور اس ضمن میں ایک ترمیمی بل پارلیمنٹ کے آنے والے اجلاس میں متعارف کرایاجائے گا ۔ لوک پال اور لوک آیوکت قانون کے تحت وزیر اعظم کی زیر قیادت سلکشن کمیٹی ، لوک سبھا کے اسپیکر، ایوان زیریں میں قائد اپوزیشن ، چیف جسٹس آف انڈیا یا ان کی جانب سے نامزد کردہ جج اور ایک ممتاز رکن جیوری پر مشتمل ہونی چاہئے ، جنہیں صدر جمہوریہ یا کسی اور رکن کی جانب سے نامزد کیاجاسکتا ہے۔ اس قانون میں اب جس ترمیم کی تجویز رکھی گئی ہے اس کے ذریعہ خامیوں کو دور کیاجائے گا اور ایوان زیریں میں کوئی قائد اپوزیشن نہ ہونے کی صورت میں لوک سبھا میں واحد سب سے بڑی جماعت کے قائد کو سلکشن پینل میں شامل کرنے کی گنجائش فراہم کی جائے گی تاکہ لوک پال کے صدر نشین اور ارکان کا تقرر کیاجاسکے ۔ ایک سرکای بیان میں آج یہ بات بتائی گئی ۔ مرکزی کابینہ نے کل ان ترمیمات کو منظوری دی ہے جس کے نتیجہ میں کانگریس پارٹی کے قائد ملک رجن کھرگے کو سلکشن کمیٹی میں شامل کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن نے کانگریس قائد کو ایوان میں قائد اپوزیشن کا درجہ دینے کے مطالبہ کو مسترد کردیا ہے ۔543رکنی لوک سبھا میں44نشستوں کے ساتھ کانگریس دوسری بڑی جماعت کے طور پر ابھری ہے ۔ ایوان میں سب سے زیادہ ارکان رکھنے والی جماعت بی جے پی ہے جس کے282ارکان ہیں۔ اگر کانگریس کو55ارکان کی درکار اکثریت حاصل ہوتی تو وہ قائد اپوزیشن کے عہدہ کے لئے دعویٰ پیش کرسکتی تھی لیکن اس کے پاس 11نشستیں کم ہیں ۔ کابینہ نے بھی قانون میں ترمیمات کو منظوری دے دی ہے تاکہ سی بی آئی میں ڈائرکٹر آف پراسیکوشن کے تقرر اور اس ادارہ کو کام کاج کی آزادی دی جاسکے ۔ ڈائرکٹر آف پراسیکوشن کا تقرر دہلی اسپیشل پولیس اسٹابلیشمنٹ ایکٹ(ڈی ایس پی ایف) کے تحت کیاجاتا ہے ، اور سی بی آئی اسی قانون کے تحت کام کرتی ہے ۔

Cong LS leader in Lokpal selection panel

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں