آندھرا اسمبلی میں کیپٹل ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی بل متعارف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-21

آندھرا اسمبلی میں کیپٹل ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی بل متعارف

حیدرآباد
یو این آئی
حکومت آندھرا پردیش نے آج اسمبلی میں کیپٹل ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی بل پیش کردیا۔ اس بل پر22دسمبر کو مباحث منعقد کئے جائیں گے ۔ ریاستی کابینہ نے اس ہفتہ کے اوائل میں ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے چار معمولی تبدیلیوں کے ساتھ بل کے مسودہ کو منظوری دی تھی ۔ کابینہ نے وجئے واڑہ ، گنٹور ، تنالی، منگل گری اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے اثاثوں اور مختلف ذمہ داریوں کی کیپٹل ریجنل ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو منتقلی کی بھی منظوری دی تھی ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو ، اس اتھاریٹی کے صدر نشین ہوں گے جب کہ یہ اتھاریٹی14ارکان پر مشتمل ہوگی ۔ وزیر بلدی نظم و نسق ، نائب صدر نشین ہوں گے ۔ اتھاریٹی کے پاس ڈیولپمنٹ کی مد میں ایک ہزار کروڑ روپے جمع رہیں گے، جب کہ250کروڑ روپے ورکنگ کیپٹل کی حیثیت سے مختص کئے جائیں گے۔ کیپٹل ریجن (دارالحکومت کا علاقہ) کا ایک تفصیلی ماسٹر پلان آئندہ چھ ماہ میں تیار کرلیاجائے گا۔ وزیر بلدی نظم ونسق ٹی نارائنا نے ایوان میں وقفہ سوالات کے بعد یہ بل پیش کیا کیپٹل ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کا اہم کام مختلف امور جیسے لینڈ پولنگ ،ہوگا۔ واضح ہو کہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد نئی ریاست کے لئے دارالحکومت کی تعمیر کی جارہی ہے ۔ اسی دوران آندھرا پردیش کے وزیر امداد باہمی جی گوپال کرشنا ریڈی نے آج اے پی اسمبلی میں اعلان کیا کہ گزشتہ دس برسوں کے دوران امداد باہمی قرضوں میں جو بدعنوانیاں ہوئی ہیں ان کی تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو تیقن دیا کہ بدعنوانیوں میں ملوث افراد خواہ کتنے ہی اثر ورسوخ والے کیوں نہ ہوں ، انہیں ہرگز بخشا نہیں جائے گا۔ اگر یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ بااثر افراد بھی ان بد عنوانیوں میں ملوث رہے ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ اس مسئلہ پر قبل ازیں مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کئی ارکان نے امداد باہمی قرضوں میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں کی شکایت کی تھی ۔ تلگو دیشم کے رکن اسمبلی کے اپالا نائیڈو نے الزام عائد کیا کہ سابق صدر پردیش کانگریس بوتسا ستیہ نارائنا اور ان کے کئی ساتھی ، ضلع وجیا نگرم میں کوآپریٹیو قرضوں کی بد عنوانیوں میں ملوث رہے ہیں ۔

Andhra Pradesh Capital Region Development Authority Bill introduced

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں