سابق جنتادل کی 6 جماعتوں کے قائدین کا اجلاس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-05

سابق جنتادل کی 6 جماعتوں کے قائدین کا اجلاس

نئی دہلی
یو این آئی
سابق جنتادل کی شریک چھ جماعتوں نے آج صدر سماج وادی پارٹی (ایس پی) ملائم سنگھ یادو کو اختیار دیاکہ وہ ان جماعتوں کوایک واحد گروپ میں ضم کرنے کی کارروائی کو آگے بڑھائیں تاکہ حکمراں بی جے پی کا مقابلہ کیاجائے ۔ آج یہاںیادو کی قیامگاہ پر سماج وادی پارٹی، آر جے ڈی ، جنتادل یو ، جنتادل سیکولر ،سماج وادی پارٹی جنتا پارٹی اور انڈین نیشنل لوک دل کے قائدین کے منعقدہ اجلاس نے مذکورہ فیصلہ کیا ۔ یادو نے اجلاس کی صدارت کی ۔ بعد ازاں اخبار نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر بہار و جنتادل یولیڈر نتیش کمار نے کہا کہ مذکورہ جماعتوں نے آئندہ22دسمبر کو دہلی میں ایک دھرنا منظم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ سیاہ دھن ، بے روزگاری اور انتخابی مہم کے دوران کئے گئے بی جے پی کے وعدوں کی عدم تکمیل کی جانب عوام کی توجہ مبذول کروائی جائے ۔ اجلاس میں شریک ممتاز قائدین میں ملائم سنگھ یادو کے علاوہ لالو پرساد یادو (صدر آر جے ڈی) نتیش کمار (جنتادل یو)شرد یادو (صدر جنتادل یو) ایچ ڈی دیوے گوڑا( جنتادل ایس) دشیانت چوٹالہ (انڈین نیشنل لوک دل) رام گوپال یادو(ایس پی ) اور کمل مرارکا(ایس جے پی) شامل ہیں ۔

نئی د ہلی سے سلیم صدیقی ، ایس این بی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب جنتادل پریوار ، کو ایک بار پھر متحد کرنے کی کوششوں کے لئے جاری مہم کے تحت آج سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کی نئی دہلی واقعہ رہائش گاہ پر ایک اور میٹنگ ہوئی جس میں ان پارٹیوں کے نمائندوں نے ایک اور قدم آگے بڑھاتے ہوئے جنتادل پریوار کی تمام پارٹیوں کے اتحاد اور انضمان کے لئے سب سے صلاح و مشورہ کے بعد ایک فارمیٹ تیار کرنے کا اختیار ملائم سنگھ یادو کو سونپ دیا ہے۔ اس دوران نئے مورچے کے نام، سماج وادی ،جنتادل ، کی تجویزبھی زیر غور رہی ۔ آج کی میٹنگ میں ملائم سنگھ یادو کے علاوہ جنتادل (سیکولر) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا ، آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو ، جنتادل (متحدہ) کے صدر شرد یادو ، سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار ، جنرل سکریٹری کے سی تیاگی ، سماج وادی پارٹی کے جنرل سکریٹری پروفیسر رام گوپال یادو اور شیو پال یادو ، سماج وادی جنتادل کے کمل مرارکا اور راشٹریہ لوک دل کے دشنیت چوٹالہ وغیرہ موجود تھے ۔
میٹنگ کے بعد پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بہار کے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اعلان کیا کہ جنتادل پریوار کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر متحد کرنے کی کوششوں پر رضا مندی کو اور آگے بڑھاتے ہوئے ایک پارٹی کے طور پر متحد کرنے کیلئے سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کو اختیار دیا گیا ہے ۔ وہ تمام پارٹیوں کے نمائندوں سے صلاح مشورہ کے بعد اتحاد یا انضمام کا فارمیٹ تیار کریں گے ۔انہوں نے مرکزی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی اور ان کی پارٹی نے لوک سبھا الیکشن کے دوران عوام سے جو وعدے کئے تھے اور انہیں سبز باغ دکھائے تھے ، اب ان وعدوں کودبایاجارہا ہے اور کسی پر بھی عمل نہیں کیاجرہا ہے ۔ اس کے خلاف جنتادل پریوار کی تمام پارٹیاں متحد ہوکر22دسمبر کو دہلی میں ایک زبردست ریالی مظاہرہ کریں گی ، جس میں ملک میں بلیک منی واپس لانے کے ایشو، کسانوں کے ساتھ کی گئی وعدہ خلافی اور ریاستی سرکار وں کو انہیں بونس دینے سے روکنے کی کوشش، نئی تقرریوں پر پابندی عائد کردئیے جانے اور الیکشن کے دوران کئے جارہے دوسرے وعدوں کو فراموش کئے جانے کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی اور مودی سرکار کو عوام میں بے نقاب کیاجائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں نتیش کمار نے کہا کہ پارلیمنٹ میں تو یہ تمام پارٹیاں پہلے ہی متحد ہوکر کام رہی ہیں ، جب ایک نیا فارمیٹ تیار ہوجائے گا یا کوئی ایک پارٹی بن جائے گی تو پھر وہ اسی طرز پر اپنا کام کرے گی ۔ بہار میں ساتھ مل کر الیکشن لڑنے کے سوال پرانہوں نے کہا کہ اس وقت سوال صرف بہار کا یا کسی ایک اسٹیٹ کا نہیں بلکہ پورے ملک کا ہے۔ انہوں نے اس بات سے انکار کیا کہ اپوزیشن مودی کے خوف دے متحد ہورہی ہے ۔ نتیش کمار نے کہا کہ ہم لوگ نظریاتی اعتبار سے ایک ہیں لیکن مختلف وجوہات کا بہانہ بناکر الگ ہوگئے تھے اور موجودہ صورتحال کا تقاضہ ہے کہ متحد ہوجائیں تو اس میں برائی کیا ہے ۔ انہوں نے اپنا موقف صاف کرتے ہوئے کہا کہ ایک پارٹی کی تشکیل ہی ہمارا مقصد اور نصب العین ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ بایاں باز و اور دیگر سیکولر جماعتوں کے ساتھ بھی تال میل کیاجائے گا۔
نتیش کمار نے مزید بتایا کہ اصولوں کی بنیاد پر ہم نے ایک ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ کچھ رسومات باقی ہیں ، جنہیں مکمل کرلیاجائے گا اور ملائم سنگھ کو اس کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ ہم ایک پارٹی کے طور پر لڑیں گے ۔ ہم نے متحد ہوکر لڑنے کا فیصلہ پہلے ہی کرلیا تھا ۔ جمعرات کو ایک پارٹی بنانے پربحث کی گئی۔ ملائم سنگھ یادو کو پارٹیوں کو ایک پلیٹ فارم پرلانے کی ذمہ داری دی گئی ہے اور وہ اس سلسلے میں صلاح و مشورہ کریں گے۔ نئے مورچہ کے لئے سماج وادی جنتادل ، نام کی تجویز بھی زیر غور ہے ۔ واضح رہے کہ1990میں حکمراں جنتادل پارٹی میں ٹوٹ ہوئی تھی اور 5علاقائی پارٹیوں کا جنم ہوا تھا۔ یہی پارٹیاں اب ایک پلیٹ فارم پر آرہی ہیں۔

6 Janata Parivar parties agree to become one

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں