جموں و کشمیر میں 59 اور جھار کھنڈ میں 61 فیصد پولنگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-10

جموں و کشمیر میں 59 اور جھار کھنڈ میں 61 فیصد پولنگ

سری نگر/رانچی
پی ٹی آئی
جموں و کشمیر اور جھار کھنڈ میں تیسرے مرحلے کی رائے دہی آج کسی بڑے واقعہ اور تشدد کے بغیر پر امن طور پر ہوئی ۔ جموں و کشمیر میں تیسرے مرحلے میں59فیصد ووٹ ڈالے گئے جب کہ جھار کھنڈ میں61فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی ۔سری نگر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق عسکریت پسندوں کے فوجی کیمپ اور شہریوں پر حالیہ حملوں کے باوجود16اسمبلی حلقوں میں عوام ووٹ ڈالنے گھروں سے باہر نکلے ۔ انہوں نے عسکریت پسندوں کی جانب سے انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل کو نظر انداز کردیا اور انتہائی سرد موسم کے باوجود ہمت کر کے مراکز رائے دہی پر پہنچے ۔ ریاست میں5مرحلوں میں انتخابات منعقد کروائے جارہے ہیں جس کے تیسرے مرحلہ کے تحت16اسمبلی حلقوں میںآج1781مراکزرائے دہی پر عوام نے جملہ144امیدواروں کی قسمت پر مہر لگائی ۔ چیف منسٹر عمر عبداللہ اور ان کی کابینہ کے تین رفقاء امیدواروں میں شامل ہیں ۔ ضلع بارہمولہ کے گلمرگ میں ایک مرکز رائے دہی پر نامعلوم افراد نے پٹرول بم پھینکا لیکن کوئی نقصان نہیں ہوا ۔ پولیس نے بتایا کہ ایک مرکز رائے دہی پر صبح کی اولین ساعتوں میں پٹرول بم پھینکا گیا ، لیکن اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ اس کے علاوہ بڈ گام ، پلوامہ اور بارہمولہ تینوں اضلاع میں رائے دہی مکمل طور سے پر امن رہی
عسکریت پسندوں کے حالیہ حملوں کے بعد وادی میں زبردست کشیدگی پائی جاتی ہے جس کا اثر رائے دہی پر بھی دیکھنے میں آیا ۔ پہلے دو مراحل کے دوران تیسرے مرحلہ میں ووٹنگ کا اوسط گر گیا ۔ تینوں اضلاع میں سیکوریٹی کا غیر معمولی بندوبست کیا گیا تھا۔ رانچی سے موصولہ اطلاع میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے17اسمبلی حلقوں میں آج61فیصد رائے دہی ہوئی۔ یہاں رائے دہی صبح سات بجے شروع ہوئی اور شام پانچ بجے تک پر امن طور پر جاری رہی ۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر پی کے جاجوریا نے کہا کہ ریاست میں رائے دہی پر امن رہی اور ووٹنگ کا تناسب59تا60فیصد کے درمیان رہا تاہم قطعی تناسب کا تعین کرنے مزید کچھ وقت لگے گا ۔ جھار کھنڈ کے ڈی جی پی راجیو کمار نے بھی پر امن رائے دہی اور ووٹنگ کے تناسب پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ اہم امیدواروں میں جن کی قسمت پر آج مہر لگی سابق چیف منسٹر بابو لال مرانڈی ، سابق اسپیکر اسمبلی سی پی سنگھ شامل ہیں ۔
ایک اطلاع میں کہا گیا ہے کہ بے گھر کشمیر پنڈتوں میں سے56فیصد سے زائد تیسرے مرحلہ میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ کشمیر میں اپنے گھروں سے کئی میل دور تقریباً56.40فیصد پنڈتوں نے ووٹ دیا ۔ الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ کمیشن کو خصوصی طور پر قائم کردہ پولنگ بوتھس پر ووٹ دینے کے لئے8166کشمیری پنڈتوں کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں ۔

59% voting in 3rd phase of Jammu and Kashmir polls, Jharkhand records 61%

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں