hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں 2014-nov-20 |
آئی اے این ایس، پی ٹی آئی، منصف نیوز بیورو
شہر کے مصروف ترین اور پاش علاقہ بنجارہ ہل کے بی آر پارک کے قریب ایک سنسنی خیز واقعہ میں ایک نامعلوم حملہ آور نے آروبندوفارما کمپنی کے ڈائرکٹر اور نائب صدر نشین کے نتیا نندریڈی پر اے کے 47رائفل سے اس وقت فائرنگ کی جب وہ کے بی آر پارک میں صبح کی چہل قدمی کے بعد واپس ہونے کے لئے اپنی آڈی کار میں سوار ہورہے تھے ۔ اس حملہ میں تاہم نتیا نند ریڈی ، انتہائی خوش قسمت رہے اور انہیں کوئی گزند نہیں پہنچی ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ حملہ آور بعد ازاں فرار ہوگیا تاہم اپنی بندوق اورایک بیاگ کار میں چھوڑ گیا ۔ نتیا نند ریڈی نے بھی اپنی پستول کے ذریعہ جوابی فائرنگ کی۔ حملہ آور کا حشر معلوم نہیں ہوسکا تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ یہ واقعہ صبح سات بجے پیش آیا۔ سمجھاجاتا ہے کہ حملہ آور نتیا نند ریڈی کو اغوا کرنے کی کوشش میں تھا ۔ نتیا نند ریڈی نے صحافیوں کو بتایا کہ دھکم پیل کے دوران انہوں نے حملہ آور کی بندوق پکڑ لی تھی اور اس موقع پر چار فائر ہوئے۔ انہوں نے مدد کے لئے چیخ و پکار کی اور اسی دوران ان کے بھائی شیوآنند ریڈی وہاں پہنچ گئے ۔ دونوں نے حملہ آور کو دھر دبوچنے کی کوشش کی تاہم وہ مزید کچھ راؤنڈس فائر کرکے فرار ہوگیا ۔ اس فائرنگ سے کار کی ونڈ اسکرین کو نقصان پہنچا ۔ دونوں بھائیوں کی سخت مزاحمت پر حملہ آور نے فرار ہونے میں ہی عافیت سمجھی تاہم وہ اپنے پیچھے ہتھیار اور ایک بیاگ چھوڑ گیا ۔ اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس عہدیدار ڈاگ اسکواڈس اور فارنسک ماہرن کے ہمراہ مقام واقعہ پہنچ گئے اور تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ انہیں وہاں گولیاں اور گولیوں کے خول دستیاب ہوئے۔ کچھ سراغ بھی ملے ہیں ۔ پولیس نے اے کے47رائفل کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔ پولیس عہدیدار اس واقعہ کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں ، کیونکہ حملہ میں اے کے47کا استعمال ہوا ہے ۔ حیدرآباد پولیس کمشنر مہند ریڈی نے جنہوں نے مقام واقعہ کا دورہ کیا، بتایا کہ یہ رائفل مخالف ماؤسٹ عصری فورس گرے ہاؤنڈس کے ایک کمانڈو کی ہے جو جنوری سے لاپتہ تھی ۔ پولیس اس واقعہ کا تمام زاویوں سے جائزہ لے رہی ہے ۔ ماؤسٹوں کی شمولیت کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا گیا ہے۔ حملہ میں کسی سابق ماؤسٹ کے ملوث ہونے کا بھی شبہ کیاجارہا ہے ۔ حملہ کے مقصد کے بارے میں تا حال کوئی بات واضح طور پر سامنے نہیں آسکی ہے ۔
تحقیقات میں مصروف عہدیدار نتیا نند ریڈی اور ان کے بھائی سے پوچھ گچھ کررہے ہیں۔ قریبی ٹریفک سگنل پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ قریب میں واقعہ تلگو دیشم پارٹی آفس کے باہر بھی لگے کیمروں سے فوٹیج حاصل کئے جارہے ہیں ۔ تاکہ حملہ آور کی شناخت کی جاسکے ۔ صبح صبح جیسے ہی یہ حملہ ہوا علاقہ میں چہل قدمی کے لئے آنے والے اہم شخصیتوں میں افراتفری پھیل گئی ۔ ان میں سیاستداں ، بیورو کریٹس ، بزنس مین فلم اداکار وغیرہ شامل ہیں جو کے بی آر پارک کو چہل قدمی کے لئے آتے ہیں ۔ اسی دوران اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس بنجارہ ہلز ادئے کمار ریڈی نے بتایا کہ حملہ آور نے نتیا نند ریڈی کا اغوا کرنے کی کوشش کی تھی۔ مزاحمت پر اس نے ہوا میں چند فائر کیے اور کار پر بھی چند گولیاں چلائینَ اس کے بعد وہ فرار ہوگیا ۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ نامعلوم حملہ آور نتیا نند ریڈی کی کار میں بیٹھ گیا اور انہیں اے کے47رائفل سے دھمکایا۔ شیو کمار ریڈی ، عقبی نشستے پر بیٹھے ہوئے تھے ۔ انہوں نے حملہ آور کی کوشش کے خلاف مزاحمت کی اور اس دھکم پیل میں حملہ آور نے چند فائر کیے جن سے کار کی ونڈ شیلڈ کو نقصان پہنچا ۔ نتیا نند ریڈی نے واقعہ کی تفصیلات صحافیوں کو بتاتے ہوئے کہا کہ حملہ آو راچانک ان کے قریب پہنچا اور رائفل سے دھمکایا ۔ میں نے رائفل پکڑ لینے کی کوشش کی اور مدد کے لئے چیخ و پکار کی۔ میرے بھائی نے بھی اسے پکڑنے کی کوشش جس پر اس نے کار پر چند گولیاں چلائیں اور فرار ہوگیا ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا اس حملہ کے پیچھے کوئی دھمکی یا رقم کی دائیگی کا مطالہ تھا؟ تو انہوں نے نفی میں جواب دیا۔
دریں اثناء سٹی پولیس کمشنر ایم مہندر ریڈی نے جائے واردات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آور کی شناخت کرلی گئی ۔ انہوں نے اپنی اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ جائے واردات پر نصب شدہ سی سی کیمروں کی مددسے حملہ آور کی شناخت کی جاسکی ۔ علاوہ ازیں انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ملزم دو روز قبل شاپنگ کے لئے علاقہ مہدی پٹنم گیا تھا ۔ تاہم انہوں نے اس بات کی کوئی وضاحت نہیں کی کہ حملہ آور کے مہدی پٹن جانے کی تفصیلات پولیس کو کیسے حاصل ہوئیں ۔ پولیس کمشنر نے مزید بتایا کہ حملہ آور کو گرفتار کرنے کے لئے پولیش کی چھ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ا پنے اپنے طور پر حملہ آور کی گرفتاری کو یقینی بنانے کی کوشش کرے گی اور تیقن دیا کہ بہت جلد حملہ آور کو گرفتار کرلیاجائے گا۔ہمیں مکمل یقین ہے اور یہ بات پورے اعتماد کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ ہم بہت جلد اس معمہ کو حل کرلیں گے ۔‘‘ مہندر ریڈی نے میڈیا کے روبرو اس بات کا ادعا کیا۔ بعد ازاں پولیس کمشنر نے نتیا نند ریڈی کی قیامگاہ واقع ساگر سوسائٹی ، نزد بنجارہ ہلز پہونچ کر ان سے ملاقات کرتے ہوئے تمام تفصیلات سے آگاہی حاصل کی ۔ علاوہ سٹی پولیس نے نتیا نند ریڈی اور ان کے بھائی شیوا آنند ریڈی سے حملہ آور ی شکل و صورت ، اور قدو خال سے متعلق تفصیلات حاصل کرنے کے بعد تصویری خاکہ جاری کیا۔ سابق وزیر اعلیٰ متحدہ آندھرا پردیش این کرن ریڈی بھی نتیا نند ریڈی کی قیامگاہ پہونچ کر ان سے ملاقات کرتے ہوئے خیرو عافیت دریافت کی ۔ اسی دوران تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس واقعہ پر ایوان اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کی جائیں گی ۔ قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی کی درخواست پر کہ چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی میں یہ بیان دیا۔ انہوں نے واقعہ کی تمام تفصیلات کا بھی انکشاف کیا۔ رات دیر گئے پتہ چلا کہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے جمعرات کو چیف منسٹر اسمبلی میں اس تعلق سے بیان دیں گے ۔
Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں