تلنگانہ آسرا پنشن اسکیم کے تحت ہر مستحق کو وظیفہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-20

تلنگانہ آسرا پنشن اسکیم کے تحت ہر مستحق کو وظیفہ

حیدرآباد
پی ٹی آئی
حکومت تلنگانہ نے نئی آغاز کردہ آسرا پنشن اسکیم کے تحت وظائف کے لئے24.21لاکھ اہل استفادہ کنندگان کی نشاندہی کی ہے جنہیں سماجی سلامتی کے تحت وظائف جاری کیے جائیں گے ۔ تا حال24.21لاکھ استفادہ کنندگان کو وظائف کی منظوری دی جاچکی ہے اور مستحق درخواست گزاروں کی نشاندہی کا کام ہنوز جاری ہے۔ اہل درخواست گزاروں کی نشاندہی کا کام ہنوز جاری ہے۔ اہل درخواست گزاروں کو وظائف کی اجرائی پر سالانہ3350کروڑ روپے کے مصارف عائد ہوں گے۔چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج قانون ساز اسمبلی میں اس اسکیم پر ایک بیان دیتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی حکومت نے فلاحی اقدامات اور سماجی سلامتی کے ایک حصہ کے تحت آسرا پنشن اسکیم متعارف کرائی ہے تاکہ تمام غریب اور مستحق افراد ایک محفوظ اور باوقار زندگی بسر کرسکیں ۔ اسکیم کے تحت معمرین ، بیواؤں ، معذورین اور دیگر مستحق افراد کو ماہانہ وظائف جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مسلسل بڑھتے اخراجات زندگی اور افراط زر کے خلاف جدو جہد کے لئے ان کی حکومت نے ماہانہ وظائف میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 200روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کردیا ہے ۔ یہ وظائف ، معمرین، بیواؤں ، بافندوں، تاڑی تاسندوں اور ایچ آئی وی ایڈس سے متاثرہ مریضوں کو دئیے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ معذورین کے لئے ماہانہ وظائف میں500روپے سے اضافہ کرتے ہوئے اسے1500روپے کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مختلف زمرون کے اہل درخواست گزاروں کو وظائف منظور کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ اسٹیٹ میں سب سے زیادہ وظائف دئے جارہے ہیں جس کے لئے ریاستی حکومت سالانہ3350کروڑ روپے خرچ کرے گی۔ آسرااسکیم کے تحت حکومت نے اس فنڈ کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے جو پنشن کے طور پر جاری کیاجائے گا۔
ماضی کی حکومتیں ، اس مد میں صرف881.23کروڑ روپے خرچ کرتی تھیں۔ ہم نے اس کے مقابلہ 380فیصد کا اضافہ کردیا ہے ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ تلنگانہ کے تمام10اضلاع میں تا حال39.63لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن کی تنقیح کے بعد24.21لاکھ درخواست گزاروں کو وظائف کا اہل قرار دیا گیا ہے ۔ سرکاری عہدیدار ، آسرا پنشن کی منظوری کے لئے درخواستوں کی تنقیح جاری رکھے ہوئے ہیں اور مزید درخواست گزاروں کو مختلف زمروں کے تحت وظائف منظور کئے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ تنقیح اور منظوری کا کام جاری ہے اور اس بات کا پورا امکان ہے کہ استفادہ کنندگان کی تعداد میں اضافہ ہوگا ۔ چیف منسٹر نے یہ بھی اعلان کیا کہ اس مسئلہ پر کل اسمبلی میں تفصیلی مباحث منعقد کیے جائیں گے ۔ قبل ازیں اسپیکر نے اجلاس کی کارروائی 10منٹ کے لئے ملتوی کردی تھی کیونکہ کانگریس ارکان نے وظائف کی تقسیم پر مباحث کامطالبہ کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں احتجاج منظم کیا تھا ۔ انہوں نے ایک تحریک التوا بھی پیش کی ۔ اجلاس جب دوبارہ منظم ہوا تو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس مسئلہ پر تفصیلی بیان دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کا مقصد تمام مستحق شہریوں کو سرکاری مراعات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں مستحق شہریوں کو جو وظائف جاری کیے جارہے تھے ۔ وہ شہریوں کی بنیادی ضرورتوں کی تکمیل کے لئے کافی نہیں تھے۔ اسی لئے ہم نے آسرا کے نام سے اسکیم کا آغاز کیا ہے تاکہ غریب شہری بھی ایک باوقار زندگی بسر کرسکیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کئی ترقی یافتہ ممالک میں بھی ضرورت مندوں کو بے شمار وظائف دئیے جاتے ہیں ۔

Aasara Pension Scheme” for all eligible Telangana candidates – CM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں