ایران کے ساتھ نیوکلیر معاہدہ متوقع - جان کیری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-20

ایران کے ساتھ نیوکلیر معاہدہ متوقع - جان کیری

واشنگٹن
یو این آئی
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ انہیں اور دیگر عالمی طاقتوں کو امید ہے کہ ایران کے نیو کلیئر پروگرام کے حوالہ سے معاہدہ جلد ہی طئے پاجائے گا ۔ امریکی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ وہ اس تعلق سے کوئی بھی پیش گوئی کرنے سے احتراز کریں ۔ ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے نمائندوں نے جس میں امریکہ ، برطانیہ، فرانس ، چین ، روس اور جرمنی شامل ہیں ، ایک مرتبہ پھر ویانا میں ملاقات کی ہے۔ واضح رہے کہ ایران کے نیو کلیر پروگرام کے حوالے سے کسی معاہدہ پر پہنچنے کی حتمی تاریخ24نومبر ہے ۔ جان کیری اپنے برطانوی ہم منصب فلپ ہیمونڈ کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ۔ جان کیری نے کہا کہ رواں ہفتہ ایران کے ساتھ ہونے والے مذاکرات نازک مرحلے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظاہر ہے کہ یہ مذاکرات بہت اہم ہیں اور یہ ضروری ہے کہ کسی باہمی نتیجے پر پہنچنے کے لئے ایران ہمارے ساتھ کام کرے اور ہر ممکن کوشش کرکے دنیا کو یہ ثابت کرے کہ ایران کا نیو کلیر پروگرام پر امن مقاصد کے لئے ہے ۔ دوسری جانب، ایران کے میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق ، ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران کے نیو کلیئر پروگرام کے حوالے سے مذاکرات ابھی بھی نتیجہ خیز ثابت ہوسکتے ہیں ۔ مگر جواد ظریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی برادری کو ایران سے بلا جواز مطالبات کرنے سے احتراز کرنا چاہئے ۔ غور طلب ہے کہ عالمی برادری اور ایران گزشتہ ایک سال سے کسی ایسے معاہدہ پر پہنچنے کے لئے مذاکرات کررہے ہیں جس سے اس بات کو یقینی بنایاجاسکے کہ ایران کا نیو کلیئر پروگرام پر امن مقاصد کے لئے ہے ۔ معاہدہ ہوجانے کی صورت میں عالمی برادری کی جانب سے ایران پر عائد بیشتر پابندیوں کو ہٹا لیاجائے گا۔

Iran nuclear talks: Kerry says talks focused on a deal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں