جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا پر امن مرحلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-26

جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا پر امن مرحلہ

سری نگر
پی ٹی آئی
جموں و کشمیر میں آج اسمبلی انتخابات کے پر امن پہلے مرحلے میں 71.28فیصد پولنگ ہوئی جہاں عوام سے علیحدگی پسندوں کی جانب سے بائیکات کی اپیلوں اور شدید سردی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے15حلقوں میں ووٹ دئیے ۔ جھار کھنڈ میں بھی نکسلائٹس سے متاثرہ13حلقوں میں تقریباً62فیصد پولنگ ہوئی جہاں پانچ مراحل کے پہلے مرحلہ میں ووٹ ڈالے گئے ۔ صبح آٹھ بجے شدید سردی کی لہروں کے ساتھ انتخابی عمل شروع ہوا جہاں ابتداء میں رائے دہی سست رفتار رہی لیکن دوپہر کے ہوتے ہوتے اس میں تیزی آگئی۔ جموں ڈیویژن کے چھ، وادی کشمیر کے پانچ اور لداخ کے چار حلقوں میں رائے دہی عمل میں آئی ۔ ڈپٹی الیکشن کمشنر ونود زتشی نے نئی دہلی میں صحافیوں کو بتایا کہ جموں و کشمیر میں رائے دہی ایک بھی ناگوار واقعہ کے بغیر مکمل پر امن طور پر ہوئی ہے۔ انتخابی عمل کو در ہم برہم کرنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ۔ علیحدگی پسندوں کی سیاست کو اسے ایک بڑا دھکا سمجھاجارہا ہے ۔ مراکز رائے دہی پر ہزاروں رائے دہندوں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں ۔ حریت کانفرنس کے تمام گروپوں اور جے کے ایل ایف کے بشمول علیحدگی پسند گروپوں نے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے اور عام ہڑتال کی اپیل کی تھی ۔15حلقوں میں سات وزراء کے بشمول جملہ123امید وار میدان میں ہیں۔ وادی کشمیر کا ضلع گندھر بل کبھی عسکریت پسندی کاگڑھ سمجھاجاتا تھا یہاں68فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ۔ ضلع باندی پورہ میں70.30فیصد رائے دہی ہوئی ۔ جموں کے چھ حلقوں میں سے ضلع ڈوڈا کے دو حلقوں میں76فیصد اور کشنوار اور رامبن اضلاع کے چار حلقوں میں70فیصد ووٹنگ ہوئی ۔ تمام حلقوں میں گزشتہ کے مقابل رائے دہی کے تناسب میں واضح اضافہ ہوا ہے ۔ ضلع کارگل میں73 فیصد عوام نے رائے دہی میں حصہ لیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں