ایس بی آئی کا اسلامی سرمایہ کاری منصوبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-27

ایس بی آئی کا اسلامی سرمایہ کاری منصوبہ

نئی دہلی
اے پی
ملک کے سب سے بڑی سرکاری بینک ایس بی آئی نے اسلامک ایکوئٹی فنڈ قائم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس کا مقصد ملک میں170ملین مسلمان باشندوں کے لئے سرمایہ کاری کو پرکشش بنانا ہے ۔ خبر رساں ادارے اے پی نے نئی دہلی سے موصولہ اطلاعات کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں بینکوں کے ریگولیٹری ادارے سیبی نے ابھی حال ہی میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور تین دیگر بینکوں کو شریعہ فنڈز کے قیام کی اجازت دی تھی ۔ اس سرکاری بینک کے ایک اعلیٰ ااہلکار نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک ابتدائی طور پر اس اسلامک فنڈ میں ایک بلین روپئے کی سرمایہ کاری کریگا۔ یہ فنڈ باقاعدہ طور پر یکم دسمبر سے لانچ کردیاجائے گا ۔ واضح رہے کہ یہ فنڈ صرف مسلمان سرمایہ کاروں کے لئے قائم کیاجارہا ہے ۔ یہ امر اہم ہے کہ ملک میں مسلمان آبادی کا ایک بڑا حصہ موجود ہ بینکاری نظام سے دور ہے جس کی ایک وجہ یہ ہے کہ اسلامی بینکاری میں سود کی گنجائش نہیں ہے ۔ حکام نے بتایا کہ اس اسلامک فنڈ میں ایسی کمپنیوں کے حصص کامنافع نہیں ڈالاجائے گا جو الکوحل ، تمباکو، سٹہ بازی اور جوئے کے اڈوں میں سرمایہ کاری کرتی ہیں ۔ اس کے علاوہ ایسی مالیاتی کمپنیاں بھی اس فنڈ میں سرمایہ کاری نہیں کریں گی، جن کا نظام سود پر بھی چلتا ہے ۔
ایس بی آئی میوچل فنڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر اور سی ای او دنیش کھارا نے کہا کہ ہندوستان جیسے ملک میں اسلامک فنڈکا مستقبل تابناک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس ایکوئٹی فنڈ میں تنوع ہے ۔ یہ بڑے ، درمیانے اور چھوٹے درجے کے سبھی سرمایہ کاروں کے لئے خصوصی طور پر دلکش ہوگا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس فنڈ کے لئے ایسے اسٹاکس کا انتخاب کیا جائے گا،جو اسلامی بینکاری کے تمام قوانین کو ملحوظ رکھتے ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق مسلم پرسنل لاء بورڈ نے بھی اسلامک فنڈ کی منظوری دے دی ہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسٹاک ایکسچینج میں چھ سو تا سات سو ایسی کمپنیاں بھی فعال ہیں جو شرعی قوانین کے تحت کام کرتی ہیں۔ گزشتہ برس مئی میں ممبئی اسٹاک ایکسچینج نے ملک کا پہلا شریعہ انڈکس لانچ کیا تھا ، جس کا مقصد اسلامی قوانین کی بنیاد پر چلائی جانے والی کمپنیوں کی کارکردگی پر نظر رکھنا تھا ۔ ہندوستان اکثریتی طور پر ایسا دوسرا غیر مسلم ملک ہے جہاں کا ریاستی بینک اسلامی بینکاری کے قوانین کے تحت مالیاتی منصوبہ جات شرو ع کررہا ہے ۔ قبل ازیں اس رح کے اقدامات برطانیہ میں کئے گئے تھے۔2013ء میں عالمی سطح پر اسلامی بینکاری کے اثاثوں کی مجموعی مالیت کا اندازہ1.8ٹریلین ڈالر لگایا گیا تھا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں