جھار کھنڈ میں خاندانی سیاست کا خاتمہ کرنے مودی کی اپیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-22

جھار کھنڈ میں خاندانی سیاست کا خاتمہ کرنے مودی کی اپیل

رانچی
آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج رائے دہنودں سے اپیل کی کہ جھار کھنڈ میں خاندانی سیاست اور کرپشن کا خاتمہ کردیں جس کے نتیجہ میں ریاست ترقی کی راہ پر چل پڑے گی۔ مودی یہاں ڈالٹن گنج علاقہ کے چیانکی محلہ میں ایک ریالی سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر بی جے پی کے چھ امیدوار بھی موجود تھے جو25نومبر کو انتخاب کے پہلے مرحلہ میں مقابلہ کررہے ہیں ۔ مودی نے کہا کہ جھار کھنڈ میں خاندانی سیاست کا خاتمہ کرنے ووٹ دیں ۔ اگر خاندانی سیاست پھلے پھولے گی تو پھر جھارکھنڈ کی ترقی کس طرح ہوگی۔ اگر جھار کھنڈ کو خاندانی سیاست اور کرپشن سے بچایاجائے تو یہ ریاست ایک ترقی یافتہ ریاست بنے گی ۔ انہوں نے ا پنے حالیہ سہ قومی دورہ میانمار، آسٹریلیا اور فیجی کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے ریاست میں اور آسٹریلیا میں پائے جانے والے معدنیات کا تقابل کیا اور کہا کہ یہ معدنیات دونوں مقامات پر پائی جاتی ہیں ۔ آخر کیا وجہ ہے کہ جھار کھنڈ دولت مند ریاست ہونے کے باوجود یہاں کے عوام غریب ہیں۔ کیا وجہ ہے کہ آسٹریلیا ترقی یافتہ ملک ہے جب کہ جھار کھنڈ ترقی کی دوڑ میں پیچھے ہے ۔ مودی نے بتایا کہ ان کے دورہ جاپان کے موقع پر انہوں نے کس طرح سائنسدانوں سے ملاقات کی ۔ مودی نے کہا کہ میں نے جاپان میں سائنسدانوں سے ملاقات کی اور ان سے کہا کہ قبائلی علاقوں میں پائی جانے والی خون کی بیماری کا علاج تلاش کریں ۔ مودی نے جن دھن یوجنا کے بارے میں بھی بات کی اور غریبوں سے کہا کہ وہ بینک کھاتے کھولیں۔
انہوں نے کہا کہ جن دھن یوجنا کے تحت7کروڑ سے زائد بینک کھاتے کھولے گئے ہیں اور بینکوں میں60کروڑ روپے جمع کرادئیے گئے ہیں۔ ریالی میں عوام کی کثیر تعداد دیکھ کرمودی جذبات سے مغلوب ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے لوک سبھا انتخابات کے دوران ضلع پالا موکا دورہ کیا تھا تو اس وقت وہاں عوام کی تعداد بہت کم تھی ۔ چندواسے موصولہ پی ٹی آئی کی اطلاع کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے آج نکسلائٹ سے کہا کہ وہ ہتھیار ڈال دیں اور ملک کی تعمیر میں شامل ہوجائیں ۔ انہوں نے زوردے کر کہا کہ گوتم بدھ اور مہاتما گاندھی کے ملک میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔ میں بندوق اٹھانے والوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اسے پھینک دیں اور ہل اٹھالیں ۔، یہ آپ کا اپنا ملک ہے اور اس کی ترقی کے لئے شانہ بہ شانہ کام کریں ۔ انہوں نے نکسلائٹ متاثرہ ضلع لیتہار کے چندوا علاقہ میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ چند سال قبل نکسلائٹ نے یہاں ایک ٹرین کا محاصرہ کرلیا تھا۔ وزیر اعظم نے عوام پر زور دیا کہ وہ جمہوریت کا تحفظ کریں اور اسے داغدار نہ ہونے دیں۔ انہوں نے ریاست کے حوالہ سے کہا کہ اگر خدا نے کسی ریاست کو بے انتہا دولت دی ہے تو وہ جھار کھنڈ ہے ۔ انہوں نے اس امر پر اظہار تاسف کیا کہ اسے سابق حکومتوں نے غریب بنائے رکھا ہے اور ایک بڑے جرم کی مرتکب ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسمبلی انتخابات میں بی جے پی بر سر اقتدار آتی ہے تو مرکز اس ریاست کو نئی بلندیوں پر پہنچائیگا۔

Vote to end dynastic politics: Modi in Jharkhand

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں