عراق کے سنی قبائل کو مسلح کرنے امریکہ کا منصوبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-24

عراق کے سنی قبائل کو مسلح کرنے امریکہ کا منصوبہ

واشنگٹن
یو این آئی
امریکہ عراق کے انبار صوبہ میں سر گرم اسلامی ریاست کے شدت پسندوں کے خلاف لڑائی تیز کرنے کے لئے مقامی سنی قابئل کو اے کے47اور گرینیڈ جیسے ہتھیار فراہم کرانے کا منصوبہ رکھتا ہے ۔ محکمہ دفاع کی جانب سے کانگریس کے لئے تیار کردہ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کا عراقی اور کرد افواج کو تربیت دینے اور انہیں ہتھیار دینے کا منصوبہ ہے ۔ دستاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسلامی ریاست کے جنگجوؤں کے خلاف لڑائی کی پوری حکمت عملی میں سنی قبائل کی اہمیت سے انکار نہیں کیاجاسکتا ۔ اس دستاویز میں قبائل کی امداد نہ کرنے پر پیدا ہونے والے خطروں سے بھی آگاہ کیا گیا ہے ۔دریں اثناء امریکہ اور ترکی کے درمیان شام میں اقتدار کی منتقلی کے مسئلے پر استنبول میں کل ایک اہم میٹنگ ہوئی ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ امریکہ کے نائب صدر جوبائیڈن اور ترکی کے صدر طیب اردگان کے درمیان یہ میٹنگ تقریباً4گھنٹے تک چلی۔ بائیڈن نے صحافیوں کو بتایا کہ میٹنگ میں نہ صرف اسلامی ریاست کو ختم کرنے پر غوروخوض کیا گیا بلکہ شام میں اقتدار کی تبدیلی کے مسئلے پر بھی بات چیت ہوئی ۔ امریکی نائب صدر جوبائیدن اور ترک صدر رجب طیب اردگان کے درمیان استنبول میں چار گھنٹوں تک جاری رہنے والی ملاقات کے بعد بائیڈن نے شامی مہاجرین کے لئے135ملین ڈالر کی مزید امداد کا اعلان کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق جوبائیڈن کی اردگان سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اسلامی ریاست کے خلاف ترکی کے زیادہ کردار پر تو کوئی پیش رفت نہ ہوسکی تاہم امریکہ کی جانب خانہ جنگی کے شکار شامی باشندوں کے لئے مزید امداد کا اعلان سامنے آیا ہے ۔ امریکی نائب صدر کے دورہ ترکی کا ایک مقصد یہ تھا کہ اسلامی ریاست کے خلاف جاری بین الاقوامی اتحادی کارروائیوں میں ترکی کو سر گرم کردار ادا کرنے پر آمادہ کیاجائے ، تاہم فریقین کے درمیان اس موضوع پر اختلافات برقرار ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے اس ملاقات میں طے پانے والے اتفاق رائے کے حوالے سے کوئی تفصیلات نہیں بتائی ہیں کہ شام اور عراق میں سر گرم اسلامی ریاست کے خلاف امریکی قیادت میں جاری بین الاقوامی عسکری کارروائیوں میں ترکی کس طرح اور کتنی مدد کرسکتا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں