امریکی سفارت خانہ کی اردو ویب سائٹ کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-14

امریکی سفارت خانہ کی اردو ویب سائٹ کا آغاز

نئی دہلی
پی ٹی آئی
نئی دہلی کے امریکی سفارت خانہ نے اپنی ویب سائٹ کو اردو میں بھی شروع کیا ہے ۔ قبل ازیں ویب سائٹ صرف دو زبانوں ہندی اور انگریزی میں ہی تھی ۔ سفارت خانہ کی اردو ویب سائٹ کا آغاز ہندوستان میں امریکی مامور امریکی ناظم الامور سفیر کیتھلائن اسٹیفنس نے ایک تقریب میں کیا۔ کیتھلائن نے تقریب کے شرکاء کا استقبال ’’السلام علیکم‘‘ کہتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یقیناًہم اردو نہیں جانتے لیکن اردو ویب سائٹ شروع ہونے سے ہمیں بہت خوشی ہورہی ہے کیونکہ اب اس کے ذریعے ہم اردو حلقے تک اپنی بات پہنچا سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سر گرمیوں اور ضابطوں سے متعلق واقفیت حاصل کرنے کے لئے اب تک انگریزی جاننا ضروری تھا ۔ مگر اب ایسا نہیں ہے ۔ اب اردو جاننے والے لوگ بھی امریکی سر گرمیوں ، کلچر اور ثقافت سے واقفیت حاصل کرسکیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی سفارت خانہ کی اب تک انگریزی اور ہندی زبانوں میں ہی اپنی ویب سائٹ تھی اب سفارت خانہ نے اردو ویب سائٹ شروع کر کے ایک نئے باب کا اضافہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اردو ویب سائٹ کے شروع ہونے سے امریکی ویزا حاصل کرنے کے ضابطوں سمیت تجارتی اور تعلیمی شعبوں میں بھی استفادہ کیاجاسکتا ہے ۔ کامنا پرساد نے کہا کہ اردو زبان دہلی میں پیدا ہوئی، جس نے قومی ہم آہنگی میں اہم رول ادا کیا ہے نیز یہ کہ اردو ہندوستان کے سیکولر ازم اور تہذیب کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کو زبان چاہئے لیکن زبان کو کوئی مذہب نہیں ہوتا ۔ اس ویب سائٹ کے اردو ایڈیٹر ظفر حسن ، شاہ محمد تحسین عثمانی اور چیتنا کھیرانے اردو ویب سائٹ تیار کرنے میں اہم رول ادا کیا۔

US Embassy in India Launches Urdu Website

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں