سنسکرت کو لازمی بنانے کا مطالبہ - سمرتی ایرانی نے مسترد کر دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-24

سنسکرت کو لازمی بنانے کا مطالبہ - سمرتی ایرانی نے مسترد کر دیا

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل اسمرتی ایرانی نے تعلیم کو زعفرانی رنگ دینے کے الزامات مسترد کردےئے اور ساتھ ہی نصاب میں سنسکرت کو لازمی قرار دینے کے مطالبہ کو بھی رد کردیا ۔ پی ٹی آئی کے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ ان پر آر ایس ایس کا نقاب لگانے یا آر ایس ایس کا نمائندہ ہونے کا الزام لگارہے ہیں ہوسکتا ہے کہ وہ حکومت کے اچھے کاموں سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔ وہ اس صورتحال کا سامنا کرنے تیار ہیں۔ مرکزی حکومت کے زیر انتظام چلائے جانے والے تقریباً کیندریاودیالیاوں میں تیسری زبان کی حیثیت سے جرمن کے بجائے سنسکرت لانے کے متنازعہ فیصلہ سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ایرانی نے کہا کہ2011میں طئے پائے یادداشت مفاہمت کے تحٹ جرمن زبان کی تدریس دستور کی خلاف ورزی ہے ۔ اس بات کی تحقیق شروع کردی گئی ہے کہ اس یادداشت مفاہمت پر دستخط کیسے ہوپائے ۔ سنسکرت زبان کو لازمی قرار دینے سے متعلق مطالبات کا جواب دیتے ہوئے وزیر موصوفہ نے کہا کہ سہ لسانی فارمولہ بالکل واضح ہے کہ دستور کے8ویں شیڈول میں مندرج23ہندوستانی زبانوں میں سے کوئی زبان اختیار کرسکتی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ جرمن زبان کو ایک غیر ملکی زبان کی حیثیت سے پڑھانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
تعلیم کو زعفرانی رنگ دینے کے الزامات کو رد کرتے ہوئے وزیر فروغ انسانی وسائل نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی تعلیم کے معاملہ میں زعفرانیت اور سیکولرازم کی بنیادوں پر تشریح کی کوشش نہیں کی ۔ اس کے لئے انہوں نے اداروں کے سربراہوں کے انتخاب کی مثال دی جس میں بلا لحاظ مذہب انتخاب کیا گیا ۔ دہلی یونیورسٹی کے انڈر گریجویٹ 4سالہ پروگرام کو برخاست کرتے ہوئے انہوں نے یہ نہیں سوچا کہ اس کی زد میں کس مذہب یا علاقہ کے طلبہ آتے ہیں ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تعلیمی پالیسی کی تبدیلی میں شہریوں کو شامل کیاجارہا ہے ، سمرتی ایرانی نے کہا کہ خانگی شعبہ ماہرین تعلیم، ادارہ جاتی ماہرین اور پالیسی ماہرین کے علاوہ تمام شراکت داروں کو شامل کرتے ہوئے ایک طریقہ کار وضع کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ طلبہ اور اولیائے طلبہ سے ان کے تبادلہ خیال کے دوران یہ خیالات سامنے آئے کہ وہ نصاب اور مختلف کورسس کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات چاہتے ہیں تاکہ انہیں مستقبل کی تیاری کے لئے بہتر انتخاب میں مدد مل سکے ۔

Sanskrit to remain optional: Smriti Irani

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں