تمل ناڈو ماہی گیروں کو سزائے موت سنائے جانے کے خلاف ہڑتال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-06

تمل ناڈو ماہی گیروں کو سزائے موت سنائے جانے کے خلاف ہڑتال

Tamil-Nadu-fishermen-death-sentence
تمل ناڈو کے رامیسورم ضلع سے تعلق رکھنے والے 5ماہی گیروں کو سری لنکن عدالت کے سزائے موت سنائے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے اور ان کی سزائے موت کو رد کرنے اور ان کو رہا کرنے کے مطالبے کو لیکر ریاست تمل ناڈو میں چنئی ، کانجی پورم سمیت 13اضلاع کے ماہی گیروں نے 6نومبر کو ہڑتال پر جانے کا اعلان کیا ہے۔ کل یہاں چنئی میں مینور مکل مننی کے زیر اہتمام منعقد ایک اجلاس میں مذکورہ ہڑتال کا اعلان کیا گیا۔ اس اجلاس میں ماہی گیروں کے اسوسی ایشن کے عہدیداروں نے اخباری نمائندوں کو بتا یا کہ ہڑتال کی وجہ سے 6نومبر کو ریاست تمل ناڈو کے تمام مچھلی مارکیٹ بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ 6نومبر کو ریاست کے تمام ماہی گیروں کے گھروں میں سیاہ پرچم چڑھاکر سری لنکن عدالت کے فیصلے کی مخالفت کی جائے گی۔ علاوہ ازین ماہی گیر اسوسی ایشن نے ریاست تمل ناڈو کے ساحل سمندر کے کنارے واقع تمام اہم شہروں میں دوکانیں بند رکھنے کی درخواست کی ہے۔ اس ضمن میں ماہی گیر اسوسی ایشن کے عہدیداروں نے تمل ناڈو وزیر اعلی او پنیر سیلوم سے بھی ملاقات کرکے ان سے درخواست کیا ہے کہ وہ ماہی گیری کے دوران گرفتار کئے گئے 5ماہی گیروں کی رہائی کے لیے اقدامات اٹھائیں۔ ذرائع کے مطابق تمل ناڈو وزیر اعلی نے ماہی گیر اسوسی ایشن کے عہدیداروں کو تیقن دلا یا ہے کہ وہ گرفتار شدہ اور سزائے موت سنائے گئے ماہی گیروں کی رہائی کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔ وزیر اعلی سے ملاقات کے بعد ماہی گیر اسوسی ایشن کے عہدیدار ارودیا میری نے اخباری نمائندوں کو بتا یا کہ رامیسورم علاقے میں سمندر میں مچھلی پکڑنے کے دوران علاقے کے ماہی گیر، اگسٹس،ولسن، لانگلیٹ،پرساد اورایمرسن کو سری لنکن بحریہ نے گرفتار کرکے ان پر جھوٹا مقدمہ درج کرنے کے بعد سری لنکن عدالت نے انہیں سزائے موت دینے کا حکم دیا ہے۔ لہذا ہم نے بے گناہ ماہی گیروں کو فوری طور پر رہا کرنے کی کارروائی کرنے کے عرضداشت کو وزیر اعلی پنیر سیلوم کے حوالے کی ہے ، جس پر انہوں نے مناسب کارروائی کرنے کا تیقن دلا یا ہے، اس کے علاوہ اس تعلق سے ہم نے مرکزی حکومت سے بھی رابطہ کیا ہے اور ماہی گیروں کی رہائی کے لیے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ مرکزی حکومت نے بھی ماہی گیروں کی رہائی کے لیے مناسب اقدامات اٹھانے کا وعدہ کیا ہے، ہمیں یقین ہے کہ 5ماہی گیر وں کو صحیح سلامت تمل ناڈو واپس لا یا جائے گا۔ ماہی گیر فیڈریشن کے صدر ارودیا میری نے بتا یا کہ سری لنکن جیل میں مقید 5ماہی گیروں کے متاثرہ اہل خانہ کو تمل ناڈو حکومت کے ذریعے بنیادی سہولیات اور امداد فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہی گیر اسوسی ایشن کو یقین ہے کہ اس معاملہ میں ریاستی اور مرکزی حکومت مناسب اقدامات اٹھائیں گے اور گرفتار شدہ اور سزائے موت سنائے گئے ماہی گیروں کو بحفاظت تمل ناڈو لایا جائے گا۔

Protest on Tamil Nadu fishermen death sentence

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں