تیل کی یومیہ پیداوار کم نہیں ہوگی - اوپیک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-29

تیل کی یومیہ پیداوار کم نہیں ہوگی - اوپیک

ویانا
رائٹر
اوپیک نے تیل کی یومیہ پیداوار کم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی بنا پر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید کم ہوگئی ہیں۔سعودی حکام نے اوپیک کے غریب رکن ممالک کے ایسے مطالبات مسترد کردئیے کہ تیل کی پیداوار کم کردینی چاہئے۔ ویانا میں تیل برآمد کرنے والے12 ممالک کی تنظیم آرگنائزیشن آف پٹرولیم ایکسپورٹنگ کنٹریز‘ اوپیک) کے اجلاس کے بعد جاری کردہ ایک مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ عالمی ضروریات کے لئے ایک تہائی تیل برآمد کرنے والے اس بلاک نے فیصلہ کیا ہے کہ یومیہ تین ملین بیارل تیل پیداکیاجائے گا ۔ یہ امر اہم ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی پہلے ہی ضرورت سے زیادہ ہو رہی تھی اور اب اس تازہ فیصلہ کے نتیجہ میں عالمی منڈی میں تیل کی رسد زیادہ ہونے سے قیمتوں میں مزید کمی ہوگئی ہے ۔ ویانا میں پانچ گھنٹے تک جاری رہی میٹنگ کے بعد سعودی وزیر برائے تیل علی النعیمی نے کہا کہ رکن ممالک ایک بہت عمدہ فیصلے پر متفق ہوگئے ہیں ۔ سعودی عرب کی کوشش تھی کہ اوپیک رکن ممالک تیل کی یومیہ پیداوار کم نہ کریں ۔ یہ امر اہم ہے کہ اس پیشرفت سے نہ صرف تیل پیدا کرنے والے نان اوپیک ممالک کو مالی نقصان ہوگا بلکہ اوپیک کے بعض رکن ممالک کے لئے بھی یہ فیصلہ کچھ اچھا نہیں ہے ۔ وینزولا اوپیک کا ایک ایسا ملک ہے جسے اپنے قومی بجٹ کے لئے اخراجات پورے کرنے کے لئے عالمی منڈی میں تیل کی فی بیارل قیمت100ڈالر سے زیادہ چاہئے ۔ اسی لئے اس لاطینی امریکی ملک کے وزیر خارجہ اس فیصلے سے کچھ نالاں نظر آتے ہیں ۔ اوپیک کے اس تازہ اعلان کے بعد عالمی منڈی میں برنٹ آئل کی قیمت میں چھ ڈالر فی بیارل کمی ہوئی۔ گزشتہ سال کے بعد پہلی مرتبہ اس کی فی بیارل قیمت گر کر71.25ہوگئی ہے۔ اسی طرح یو ایس کروڈ آئل کی فی بیارل قیمت4.64ڈالر کمی ہوگئی ہے اور اس کی فی بیارل قیمت اب69.05ہوگئی ہے ۔ وینزولا کے علاوہ ایران اور الجزائر کے حکام بھی اس فیصلہ پر زیادہ مطمئن نہیں ہیں ۔ یہ امر اہم ہے کہ اوپیک کے اجلاس میں تیل کی یومیہ پیداوار میں کمی نہ کرنے کا فیصلہ ایسے وقت ہوا ہے جب روسی حکومت عالمی منڈی میں تیل کی کم قیمتوں کی وجہ سے پہلے ہی مالی مشکلات کا شکار ہے ۔

OPEC keeps oil output on hold despite low prices

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں