مودی حکومت مسلمانوں کی ترقی تعلیم اور تحفظ کے لئے سنجیدہ - مختار عباس نقوی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-20

مودی حکومت مسلمانوں کی ترقی تعلیم اور تحفظ کے لئے سنجیدہ - مختار عباس نقوی

نئی دہلی
یو این آئی
مرکزی مملکتی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے مسلمانوں کو دانستہ طور پر ترقی سے محروم رکھنے پر سابق کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے آج کہا کہ نریندرمودی حکومت اقلیتوں کو بلا امتیاز ترقی کے فوائد مہیا کرے گی ۔ اقلیتوں سے متعلق بی جے پی کے حکمرانی ایجنڈا کے بارے میں اقلیتی برادری کے اندیشوں کا ازالہ کرتے ہوئے نقوی نے کہا کہ اس برادری کو نام نہاد سیکولر طاقتوں کی جانب سے اپنے حقیر سیاسی مقاصد کی تکمیل کے لئے چلائی جانے والی مہم سے گمراہ نہیں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے یو این آئی کو ایک خصوصی انٹر ویو دیتے ہوئے کہا کہ سیکولر ازم کے نام نہاد سیاسی سورماؤں بشمول کانگریس زیر قیادت یوپی اے نے گزشتہ10سال سے مسلمانوں کا استحصال کیا ہے۔ انہوں ںے دانستہ طور پر اس برادری کو تعلیم اور ترقی کے عمل سے دور رکھا ہے ۔ نقوی نے کہا کہ کانگریس اور وہ لوگ جو سیکولرازم کے چمپئن ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں ، انہوں نے مسلمانوں کا سخت سیاسی و سماجی استحصال کیا ہے۔ نقوی نے کہا کہ بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کی پابند ہے۔وہ انہیں بہتر تعلیم ، روزگار کے مواقع نگہداشت صحت کی سہولتیں اور دیگر فوائد فراہم کرے گی۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ اقلیتوں کے لئے بنائی گئی بیشتر اسکیمات چاہے وہ تعلیم ہو یا مہارتوں کا فروغ صرف کاغذ پر ہی رہ گئیں ۔ این ڈی اے حکومت ان اسکیمات کو حقیقت میں نافذ کرنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ اس کے فوائد سماج کے آخری فر دتک بھی پہنچیں ۔، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اقلیتی اسکیمات کے لئے رقم کی کوئی کمی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان طبقات کی بہبود کے لئے بنائے گئے پروگراموں کو مناسب طور پر روبہ عمل لانے اور ان کی نگرانی کرنے کی ضرورت ہے ۔ آنے والے پارلیمانی اجلاس کے بعد ہم اقلیتی اسکیمات کا جائزہ لینے اور عوام کے مسائل کی سماعت کرنے ملک کے مختلف مقامات کا دورہ کریں گے ۔ نقوی نے کہا کہ وزارت اقلیتی امور 100اضلاع کا دورہ کرے گی اور ہر روز ایک ایک ضلع کا دورہ کرتے ہوئے عوام کے مسائل کی سماعت اور مختلف اسکیمات میں پیشرفت کا جائزہ لیاجائے گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں