مودی غیر مقیم ہندوستانیوں کو جدید ہند کے اپنے نظریہ کا قائل کرانے میں کامیاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-18

مودی غیر مقیم ہندوستانیوں کو جدید ہند کے اپنے نظریہ کا قائل کرانے میں کامیاب

سڈنی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں ہندستانیوں کی جانب سے دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے’’جدید ہند‘‘ کے اپنے نظریے کے بارے میں این آ ر آئیز کو قائل کرادیا ۔ یہاں آل فونس ایرینا میں ہزاروں پرجوش ہندوستانیوں سے زائد از ایک گھنٹہ خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سارے شرکاء کو حیرت زدہ کردیا ۔ سارا ہال اپنی تنگ دامنی کا شکوہ کررہا تھا ۔ مودی نے’’ابھرتے ہوئے جدید ہند‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے آسٹریلیائی سیاحوں کو آمد پر ویزا دینے کے فیصلے کا اعلان کیا اور پی آئی اوونیز او سی آئی موقف کو ضم کرنے کی دیرینہ تجویز کے لئے دو ماہ کی مہلت مقرر کی ۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے ان سے عملاً قریبی اور وری ربط قائم کیا۔ مودی کے انداز تخاطب سے ہندوستان کی ترقی میں غیر مقیم ہندوستانیوں کے حصہ لینے کے نظریہ کو تقویت ملی ۔ وزیر اعظم نے ہندوستانیوں کو یقین دلایا کہ ماضی میں جس کو ناممکن سمجھا جاتا تھا اب ممکن ہوگیا ہے یعنی ملک میں تبدیلی لانا ممکن ہوگیا ہے۔ مودی نے شرکاء کے’’مودی ، مودی‘‘ کے نعروں کی گونج میں کہا کہ آ’’آپ کے خواب ، میرے خواب ہیں ۔‘‘ انہوں نے سوامی وویکانند اور دیگر رہنماؤں کی زندگی اور ان کے ادوار کا تذکرہ کرتے ہوئے سامعین کو ملک کی صلاحیتوں کے بارے میں متاثر کیا اور انہیں تلقین کی کہ وہ ملک کی تعمیر کے لئے اپنی توانائی کا ایک حصہ وقف کردیں ۔ وزیر اعظم، ملک کی عظمت رفتہ اور نوجوانوں کی توانائی کا ذکر کرتے ہوئے بعض موقعوں پر بڑے جذباتی ہوگئے اور کہا کہ ہندوستان میں تبدیلی کے لئے نوجوانوں کی توانائی کی ضرورت ہے ۔ مودی نے عوام کو بااختیار بنانے اور ہندوستان کے ساتھ بزنس کرنے کے عمل میں آسانی پیدا کرنے سے متعلق اپنی جانب سے کی گئی مختلف پہلوؤں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ’’جن دھن یوجنا‘‘ کا منصوبہ جس طرح مرتب کیاگیا اور اس کو کس طرح روبہ عمل لایا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ بنگ کیڈر نے ابتداً اس یوجنا پر عمل کے بارے میں شبہات ظاہر کئے تھے لیکن بعد میں یہ یوجنا کامیاب رہی ۔ اس یوجنا( منصوبہ) کے تحت غریب لوگ صفر بیالینس کے ذریعہ بنک اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں ۔ مودی نے’’سوچھ بھارت ابھیان‘‘ کے بارے میں بھی تفصیلی اظہار خیال کیا ۔ ’’میک ان انڈیا‘‘ مہم سے حاصل ہونے والے مواقع پر روشنی ڈالی ۔ بالخصوص دیہی علاقوں میں عوام کے لئے ٹائلٹس کی فراہمی کی مہم، ریلویز میں صد فیصد بیرونی راست سرمایہ کاری اور دیگر معاشی اصلاحات کا بھی تذکرہ کیا جوان کی حکومت نے شروع کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام کام اب وہی افراد انجام دے رہے ہیں جو قبل ازیں ان کاموں کو ناقابل عمل سمجھتے تھے۔ وزیر اعظم نے یہاں موجود ہندوستانیوں سے وعدہ کیا کہ اب کسی وزیر اعظم ہند کے دورہ آسٹریلیا کے لئے28سال درکار نہیں ہوں گے ۔ مودی نے اپنی تقریر کے دوران ایک سے زائد بار مہاتما گاندھی کا حوالہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال جنوری میں احمد آباد میں ’’پرواسی بھارتی دیوس‘‘ منایاجارہا ہے ۔ اس کی خصوصی اہمیت ہے کیونکہ15جنوری1915ء کو مہاتما گاندھی، پہلے پرواسی انڈیا، جنوبی افریقہ سے واپس ہوئے تھے ۔‘‘ سوچھ بھارت ابھیان‘‘ کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے بھی مودی نے بابائے قوم کا حوالہ دیا اور اپنی تقریر کا ایک خاصہ حصہ آسٹریلیائی سماج کے لئے ہندوستانی نژاد عوام اور اینگلوانڈینس کی خدمات پر مرکوز رکھا ۔

Modi's Sydney show: PM and his NRI audience

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں