آئی ایس آئی ایس میں شامل نوجوان ممبئی واپس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-29

آئی ایس آئی ایس میں شامل نوجوان ممبئی واپس

ممبئی
پی ٹی آئی
کلیان کا رہنے والا 23سالہ نوجوان عارف مجید ، جس کے بارے میں اب تک یہ خیال کیا گیا تھا کہ وہ شام میں آئی ایس آئی ایس کے لئے لڑتے ہوئے مارا گیا ہے ، آج ممبئی واپس ہوگیا اور نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی(این آئی اے) یہاں اس سے پوچھ تاچھ کررہی ہے ۔ ممبئی کے قریب واقع کلیان ٹاؤن سے گزشتہ مئی میں چار نوجوان عارف مجید ، شاہین ٹنکی ، فہد شیخ اور امان ٹنڈن ، مشرق وسطیٰ کے مقدس مقامات کا دورہ کرنے ہندوستان سے روانہ ہوئے تھے ۔ لیکن اس کے بعد وہ غائب ہوگئے تھے ، شبہ تھا کہ وہ مشرق وسطیٰ کے دہشت گرد گروپ اسلامک اسٹیٹ آف عراق اینڈ سیریا(آئی ایس آئی ایس) میں شامل ہوگئے ہیں ۔ عارف آج صبح واپس ہوگیا۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ این آئی اے اس سے پوچھ تاچھ کررہی ہے ۔ اس کے خاندان کے ایک دوست افتخار خان نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ’’عارف کے والد اعجاز مجید کو آج صبح سیکوریٹی ایجنسیوں سے ایک فون کال وصول ہوا جس میں کہا گیا ہے کہ ان کا بیٹا ممبئی میں ہے ۔‘‘ مہاراشترا انسداد دہشت گردی اسکواڈ( اے ٹی ایس) جس نے قبل ازیں عارف مجید کے ارکان خاندان سے پوچھ تاچھ کی تھی، ممبئی کو عارف کو واپسی پر این آئی اے سے ربط قائم کئے ہوئے ہے ۔ پولیس کے بموجب چار نوجوان( انجینئرنگ طلبا) عراق میں مذہبی مقامات کا دورہ کرنے والے22زائرین کے ایک گروپ میں شامل تھے ۔ یہ گروپ گزشتہ23مئی کو بغداد کے لئے ذریعہ طیارہ روانہ ہوا تھا۔دوسرے روز عارف نے بغداد سے اپنے خاندان کو فون کیا اور انہیں اطلاع دیئے بغیر روانہ ہوجانے پر معافی مانگی ۔ ہندوستان کو واپسی پر دیگر زائرین نے پولیس کو بتایا تھا کہ عارف، فہد، امان اور شاہین نے فلوجہ کے لئے ایک ٹیکسی حاصل کی تھی ۔ عارف کے خاندان کے ایک اور دوست عتیق خان نے اخبار نویسوں کو بتایا تھا کہ’’ گزشتہ26اگست کو شاہین ٹنکی نے عارف کے خاندان والوں کو فون کیا اور بتایا کہ ان کا بیٹا’’شہید ہوگیا ہے ۔‘‘ ٹنکی نے دعویٰ کیا کہ عارف، شام میں آئی ایس آئی ایس کے لئے لڑتے ہوئے مارا گیا ۔‘‘ چنانچہ دورے روز عارف کے خاندان والوں نے کلیان میں’’نماز جنازہ غائبانہ‘‘ کا اہتمام بھی کیا۔ حال ہی میں عارف کے والد اعجاز مجید نے این آئی اے سے مبینہ طور پر ملاقات کی تھی اور بتایا تھا کہ ان کا بیٹا، آئی ایس کے زیر کنٹرول علاقوں سے ترکی فرار ہوگیا ہے ۔

Kalyan youth who joined ISIS comes back to Mumbai

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں