مسجد اقصیٰ کی موجودہ حیثیت کو نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا - نتین یاہو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-08

مسجد اقصیٰ کی موجودہ حیثیت کو نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا - نتین یاہو

عمان
یو این آئی
اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو نے اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم کو یقین دلایا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کی موجودہ حیثیت کو برقرار رکھاجائے گا اور اس کے موقف میں کسی قسم کا ردو بدل کرنے اور یہودیوں کو وہاں پر عبادت کی غرض سے داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تل ابیب میں اسرائیلی وزیر اعظم کے سکریٹریٹ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ حکومت مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے حوالے سے اردن کی نگرانی کے فیصلے پر قائم ہے ۔امن معاہدے کے تحت مسجد اقسیٰ کی نگرانی اور سرپرستی کی ذمہ داری اردن ہی کی ہے ۔ اسرائیل اس حیثیت کوتبدیل نہیں کرے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ دوم اور نتین یاہو نے ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے بیت المقدس میں ہر طرح کے تشدد کے فوری خاتمے پر زور دیا ہے ۔ ادھر عمان میں اردنی شاہی دیوان سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نتین یاہو نے شاہ عبداللہ دوم سے ٹیلیفون پر بات چیت میں یقین دلایا ہے کہ وہ بیت المقدس میں کشیدگی کو پر امن طریقے سے ختم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نتین یاہو نے یقین دلایا کہ پر تشدد کارروائیوں کے باوجود مسجد اقصیٰ کی موجودہ حیثیت کو نقصان نہیں پہنچنے دیاجائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نتین یاہو سے بات کرتے ہوئے شاہ عبداللہ دوم نے واضح کیا کہ اردن مسجد اقصیٰ کی حرمت اور تقدس پر کسی قسم کے حملے برداشت نہیں کرے گا۔ اسرائیلی حکومت کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسجد اقصیٰ کی بندش اور مقدسات اسلامیہ کے خلاف ہونے والی پر تشدد کارروائیوں کو سختی سے روکنا چاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل بیت المقدس میں ایسی صورت حال پیدا کرنے سے گریز کرے جس سے علاقائی امن و سلامتی کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو ۔ خیال رہے کہ اردن اور اسرائیل کے درمیان سنہ1994ء میں طے پائے امن معاہدے کی رو سے اسرائیل نے بیت المقدس کے تمام مقدس اسلامی مقامات کی سرپرستی کا حق اردن کو دے رکھا ہے ۔ معاہدے کے تحت مسجد اقصیٰ میں یہودی عبادت کی غرض سے داخل نہیں ہوسکتے ہیں ، تاہم اس کے برخلاف یہودی آباد کار روزانہ مسجد اقصیٰ میں گھس کر وہاں تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کرتے اور مقدس مقام کی کھلی بے حرمتی کے مرتکب ہوتے ہیں۔ بیت المقدس کی اسرائیلی پولیس نے بھی یہودی شرپسندوں کو مسجد اقصیٰ میں داخلے کے لئے اس کے تاریخی مراکشی دروازے کو اپنی آمد و رفت کے لئے مخصوص کررکھا ہے ، جہاں انہیں اسرائیلی پولیس کی جانب سے فول پروف سیکوریٹی مہیا کی جاتی ہے ۔

Israel reassures Jordan amid al-Aqsa tension

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں