اسرائیل کو فلسطینیوں کے تیسرے انتفاضہ کا اندیشہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-03

اسرائیل کو فلسطینیوں کے تیسرے انتفاضہ کا اندیشہ

یروشلم
رائٹر
اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو نے قانون سازوں سے مسجد اقصیٰ کے معاملے میں تحمل برتنے کی اپیل کی ہے ۔ واضح رہے کہ اس معاملہ پر حالیہ ہفتوں میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کشیدگی کافی بڑھ گئی ہے ۔ مشرقی یروشلم کی سڑکوں اور الاقصیٰ کمپاؤنڈ پر اسرائیلی سلامتی دستوں اور فلسطینیوں کے درمیان روز کی جھڑپیں عام بات بن گئی ہے۔ اندیشہ ہے کہ کہیں یہ جھڑپیں نئی انتفاضہ( بغاوت) میں تبدیل نہ ہوجائے ۔، صورتحال کے خطرناک شکل اختیار کرنے کے اندیشہ سے نتن یاہو نے ارکان پارلیمنٹ سے کہا ہے کہ ذمہ داری سے کام لیں اور صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں۔ فلسطینی اور دنیا کے مسلمان کہتے ہیں کہ اسرائیل الاقصیٰ مسجد کی موجودہ حقیقت تبدیل کرنا چاہتا ہے یہ مسلمانوں کے لئے تیسرا سب سے مقدس اور یہودیوں کے لئے سب سے مقدس مقام ہے ۔ اب تک جو قانون ہے جس کا نفاذ اردن کے مذہبی حکام کرتے ہیں یہودیوں کو احاطہ میں تو داخل ہونے کی اجازت ہے مگر وہ عبادت نہیں کرسکتے ۔ نتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت موجودہ قانون کو تبدیل کرنا نہیں چاہتی مگر کٹر یہودی اور قانون ساز اس بات کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں کہ قانون سازی کے ذریعہ وہاں یہودیوں کو عبات کرنے کی اجازت مل جائے ۔ اسرائیلی پولیس اکثر یہاں مسلمانوں کے داخلہ پر پابندی لگاتی رہتی ہے صرف عورتوں اور40،50سال سے زیادہ عمر کے مردوں کو ہی اجازت دی جاتی ہے ۔ کل فلسطینیوں نے مسجد کے نزدیک گشت کرنے والی فورسز پر پائپ بم پھینک دیا تھا جس سے کوئی نقصان نہیں ہوا ۔ یہودی عبادت کی وکالت کرنے والے یہودی گلک کو ایک فلسطینی نے اس ہفتہ گولی مار کر زخمی کردیا تھا ۔ اسرائیلی پولیس نے فوراً ہی مشتبہ حملہ آور کا تعاقب کر کے اسے گولی مار کر ہلاک کردیا ۔ جس کے بعد شہر میں زور دار جھڑپیں شرو ع ہوگئیں اور پولیس نے پورے دن کے لئے مسجد کے دروازے بند کردیے ۔ ایک دہائی کے بعد ایسا ہوا ہے ۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ یہ اعلان جنگ کے مترادف ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں