سائبر سیکوریٹی شعبہ میں اسرائیل کے ساتھ اشتراک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-08

سائبر سیکوریٹی شعبہ میں اسرائیل کے ساتھ اشتراک

تل ابیب
پی ٹی آئی
ہندوستان اور اسرائیل نے دہشت گردی کے ابھرتے بین الاقوامی خطرات کو تسلیم کرتے ہوئے اس لعنت کے خلاف لڑائی میں تعاون کو گہرا کرنے اور سائبر سیکوریٹی کے شعبہ میں ایک دوسرے کے ساتھ اشتراک کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو کے ساتھ ملاقات میں دورہ کنندہ ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کل رات علاقائی صورتحال اور عالمی برادری کو دہشت گردی کے ابھرتے خطرات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات کے بعد جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر داخلہ نے کہا کہ صرف ہندوستان اور اسرائیل جیسے ممالک کو دہشت گردی کا خطرہ لاحق نہیں ہے بلکہ ساری دنیا کویہ خطرہ لاحق ہے ۔ انہوں نے تعاون کی موجودہ سطح اور اس شعبہ میں مستقبل کے امکانات کا جائزہ لیا ۔ وزیر داخلہ نے مختلف شعبوں بشمول دفاع وزراعت میں باہمی تعلقات کے فروغ پر اظہار اطمینان کیا ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ داخلی سلامتی کے شعبہ میں معاہدوں پر دستخط سے باہمی فائدہ بخش تعاون کا ایک اور شعبہ کشادہ ہوا ہے ۔ وزیر داخلہ نے صلاحیتوں کے فروغ اور تربیت کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ مستقبل میں ہائی ٹیک شراکت داری کو فروغ دینے پر زور دیاجانا چاہئے جو دونوں علم پر مبنی معیشتوں کے لئے موزوں ہوگی ۔ راج ناتھ سنگھ اور نتن یاہو نے اس بات سے اتفاق کیا کہ فریقین کے درمیان زیر بحث آزادانہ تجارت معاہدہ پر جلد ہی دستخط ہونے چاہئے ۔ دونوں قائدین کی ایک گھنٹہ طویل ملاقات کو انتہائی خوشگوار اور ثمر آور قرار دیا گیا ہے جس میں انہوں نے مختلف النوع مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ راج ناتھ سنگھ موناکو میں انٹر پول کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے بعد یہاں پہنچے ہیں، انہوں نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ اپنی بات چیت میں سائبر سیکوریٹی کے شعبہ میں تعاون پر بھی کافی زور دیا ۔ راج ناتھ سنگھ نے قبل ازیں جہادی عناصر کی جانب سے نظریات کی تبدیلی کے لئے سماجی میڈیا کے استعمال کو اجاگر کیا تھا اور انٹر نیٹ کا استعمال کرتے ہوئے ایسے طریقوں کو ختم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا تھا ۔ دونوں قائدین نے اپنے ملکوں کے باہمی تعلقات کو مضبوطبنانے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور نتن یاہو نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ستمبر میں نیویارک میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد ان کا ماننا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اب تیزی سے ترقی کی راہ پر ہیں ۔
علیحدہ اطلاع کے مطابق اسرائیل میں’’میک ان انڈیا‘‘ مہم کا چرچا کرتے ہوئے ہندوستان نے اس یہودی ملک سے کہا کہ وہ نئی حکومت کی موافق سرمایہ کاری پالیسیوں کا فائدہ اٹھائے اور اسٹراٹیجک شعبوں جیسے دفاع میں سرمایہ کاری کرے۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو کے ساتھ کل رات اپنی ملاقات کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے شرو ع کی گئی ’’میک ان انڈیا‘‘ مہم کا خصوصی حوالہ دیا ۔ سنگھ نے اسرائیلی صنعتوں کو جن میں دفاعی شعبہ کی صنعتیں بھی شامل ہیں، نئی حکومت کی موافق سرمایہ کاری پالیسیوں کا فائدہ اٹھانے کی دعوت دی ، ایک گھنٹہ طویل ملاقات کے بعد سرکاری بیان میں یہ بات بتائی ۔ نتن یاہو نے کہا کہ وہ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ اسرائیلی صنعتوں بشمول دفاعی شعبہ ہندوستان میں مصنوعات تیار کرسکتا ہے تاکہ ان کی تیاری کی لاگت کو گٹھایاجاسکے ۔
اسی دوران یروشلم سے موصولہ ایک اطلاع کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے یروشلم کے قدیم شہر کے مقدس مقامات کا دورہ کیا جن میں یہودیوں کا سب سے مقدس مقام بھی شامل تھا ۔ انہوں نے وہاں ایک دعائیہ نوٹ تحریر کیا جس میں اس خواہش کا اظہار کیا گیا کہ ہندوستان اقوام عالم کی کہکشاں میں دوبارہ قائدانہ موقف حاصل کرے ۔

India, Israel to Collaborate in Fighting Terror

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں