راہول گاندھی پارٹی چارج سنبھال لیں - ڈگ وجئے سنگھ کے بیان پر تنازعہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-02

راہول گاندھی پارٹی چارج سنبھال لیں - ڈگ وجئے سنگھ کے بیان پر تنازعہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے یہ کہتے ہوئے آج ایک تنازعہ پیدا کردیا ہے کہ اب وقت آچکا ہے کہ راہول گاندھی ، اپنی والدہ سونیا گاندھی سے پارٹی کا چارج حاصل کرلیں ۔ اس بیان کو خود کانگریس نے سنگھ کے ’’شخصی خیالات‘‘ قرار دیا ہے ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے یہاں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ’’کانگریسی کارکنوں کا یہ عام احساس ہے کہ کانگریس نے ہمیشہ ہی پارٹی قیادت کے لئے نوجوان افراد کی حوصلہ افزائی کی ہے اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ اب وقت آچکا ہے کہ راہول گاندھی ، پارٹی کا چارج سنبھال لیں ۔‘‘ حال ہی میں لوک سبھااور اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو نقصانات کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ2004اور2014کے درمیان جو کامیابیاں حاصل ہوئی تھیں ، اس کا بھی جائزہ لیا جانا چاہئے ۔ نائب صدر کانگریس (راہول گاندھی) کی قائدانہ صلاحیتوں کے بارے میں ان کے (ڈگ وجئے سنگھ‘کے) سابقہ ریمارکس کی یاددہانی پر سنگھ نے کہا کہ ’’براہ کرم میرے بیان کا پھر جائزہ لیجئے۔ میں نے کہا تھا کہ راہول گاندھی ’نریندر مودی کے برعکس اقتدار کے پیچھے نہیں ہیں ۔ مودی ، اقتدار کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے اور سانس نہیں لے سکتے ‘‘۔ اسی دوران کانگریس کے ترجمان آنند شرما نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ’’ڈگ وجئے سنگھ نے جو کچھ کہا ہے وہ ان کے شخصی خیالات ہیں۔ جب کبھی تنظیم یا ملک کے مفاد کے استحکام کی بات ہوتی ہے تو کانگریس پارٹی نے ہمیشہ ہی اجتماعی نقطہ نظر اختیار کیا ہے ۔‘‘ شرما نے کہا کہ سونیا گاندھی، کانگریس پارٹی کے لئے ایک عظیم مشعل راہ ہیں۔‘‘راہول گاندھی بھی ایک رہنما اور پارٹی کا مستقبل ہیں۔‘‘

Time for Rahul Gandhi to take charge of the party: Digvijaya

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں