خود ساختہ مذہبی رہنما رام پال کے خلاف تازہ وارنٹ گرفتاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-18

خود ساختہ مذہبی رہنما رام پال کے خلاف تازہ وارنٹ گرفتاری

چندی گڑھ
آئی اے این ایس
پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ نے آج ایک خود ساختہ مذہبی رہنما سنت رام پال کے خلاف ناقابل ضمانت تازہ وارنٹ جاری کردیا ہے اور حکومت ہریانہ و نیز پولیس کو ہدایت دی ہے کہ رام پال کو آئندہ جمعہ کو عدالت میں یقینی طور پر پیش کیاجائے ۔ ہائی کورٹ نے ہریانہ کے معتمد داخلہ اور ڈی جی پی کو ہدایت دی ہے کہ اس بارے میں تحریری وضاحت کی جائے کہ رام پال کو ، عدالت کی ہدایت کے باوجود قبل ازیں کیوں گرفتار نہیں کیا گیا ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ رام پال نے اپنے خلاف جاری کردہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف ورزی کی ہے اور وہ آج عدلات حاضر ہونے میں ناکام رہے ۔ رام پال نے اپنے وکیل کے ذریعہ عدالت کو بتایا کہ طبی وجوہات کی بنا پروہ حاضر عدالت نہیں ہوئے ۔ حصار میں آج حکام نے رام پال کے چیلوں کو ہدایت دی کہ وہ آشرم کامپلکس سے تخلیہ کردیں۔ حکام نے انہیں وارننگ دی کہ وہ کوئی گڑ بڑ نہ کریں ۔ سیکوریٹی عملہ کو آشرم کامپلکس کو گھیرے میں لیتے ہوئے دیکھاجاسکتا تھا ۔ متعدد بسوں کو جن کے ذریعہ رام پال کے طبقہ کے ماننے والے آشرم کو پہنچے تھے ، پولیس کرینس کے ذریعہ اٹھاکر لے جاتے دیکھا گیا ۔
حصار کے ڈپٹی کمشنر ایم ایل کو شک نے بتایا کہ’’بابا رام پال ستلوک آشرم کے تمام بھکتوں اور چیلوں سے خواہش کی گئی کہ وہ جس قدر جلد ہوسکے آشرم کا تخلیہ کردیں کیونکہ پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ نے بابا رام پال کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا ہے ۔‘‘ ہائی کورٹ نے پولیس کو بابا رام پال کو گرفتار کرنے اور جلد از جلد انہیں عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔‘‘ہائی کورٹ نے رام پال کو گرفتار کرنے میں اور عدالت میں پیش کرنے میں ناکامی پر آج حکومت ہریانہ اور پولیس کی سرزنش کی ہے ۔ ستلوک آشرم کے لیڈر رام گوپال کے ترجمان نے آج صبح بتایا کہ رام پال، طبی اعتبار سے ہائی کورٹ(واقع چنڈی گڑھ) میں پیش ہونے کے قابل نہیں ہیں ، یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ کل کامپلکس کے باہر بابا رام پال کے ہزاروں حامیوں کے جمع ہوجانے اور سینکڑوں سیکوریٹی ارکان عملہ کی جانب سے کامپلکس کا گھیرا ڈالے جانے کے بعد کشیدگی پھیل گئی تھی ۔ رام پال کو ساز ش قتل، ہجوم کو اشتعال دلانے اور تحقیر عدالت جیسے الزامات کا سامنا ہے ۔

Court issues fresh warrants against sect leader Rampal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں