کانگریس کی نہرو کانفرنس پر وزیر خزانہ جیٹلی کی تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-18

کانگریس کی نہرو کانفرنس پر وزیر خزانہ جیٹلی کی تنقید

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر فینانس و اطلاعات و نشریات ارون جیٹلی نے آج ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے 125ویں یوم پیدائش کے سلسلہ میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے پنڈت جی کی حیات میں ان کی سیاست کی مخالفت کی تھی وہ آج سمپوزیم میں طاقت کے مظاہرہ کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔ جیٹلی نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو کی125ویں جینتی پر کانگریس نے بین الاقوامی سمپوزیم کا اہتمام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سمپوزیم میں مدعو مہمانوں کی فہرست کہیں کانگریس کی گھٹتی مقبولیت کے زیر اثر تو نہیں ۔ سینئر بی جے پی قائد نے کہا کہ سمپوزیم میں کانگریس قائدین بعض بین الاقوامی شخصیتیں اور کچھ لوھیاوادی اور کمیونسٹ شرکت کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر رام منوہر لوہیا، نہرو کی سیاست کے بالکل مخالف تھے ۔ انہوں نے اپنی حیات میں پنڈت جی کی سیاست کو مسترد کردیا تھا۔ جیٹلی نے اپنے بیان میں کہا کہ کیرالا میں ای این ایس نمبودری پدکی زیر قیادت پہلی جمہوری طور پر منتخبہ حکومت کو بے دخل کرنے کے لئے پنڈت جی نے دفعہ356کااستعمال کیا تھا۔ بایاں بازو اس سے شدید ناراض تھا۔ جیٹلی نے کہا کہ سمپوزیم میں بعض ایسے لوگ شریک ہیں جنہوں نے پنڈت جی کی حیات میں ہی نہرو سیاست کو مسترد کردیا تھا ۔ بعض ایسے لوگ بھی شریک ہیں جنہیں پہلے وزیر اعظم سے نظریاتی اختلاف رہا ہے ۔

Congress stunned by Modi's popularity abroad: Arun Jaitley

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں