بدایوں واقعہ - عصمت ریزی و قتل نہیں خودکشی - سی بی آئی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-28

بدایوں واقعہ - عصمت ریزی و قتل نہیں خودکشی - سی بی آئی

بدایوں
یو این آئی
اتر پردیش کے بدایوں واقعہ میں سی بی آئی نے اکھلیش یادو حکومت کو بڑی راحت دیتے ہوئے اپنی تحقیقاتی رپورٹ می کہا ہے کہ دو چچیری بہنوں کی عصمت ریزی نہیں ہوئی تھی تاہم انہیں خود کشی کے لئے مجبور کیا گیا تھا ۔ سی بی آئی کے ذرائع نے آج بتایا کہ تحقیقات تقریبا مکمل ہوچکی ہے اور ایجنسی کل اپنی رپورٹ منظر عام پر لاسکتی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق بدایوں کے کٹرا گاؤں میں27مئی کو چچیری بہنیں لا پتہ ہوگئی تھیں جب کہ اگلے دن ان کی نعشیں گاؤں کے باہر آم کے درخت سے لٹکی ہوئی ملی تھیں ۔ ارکان خاندان نے الزام لگایا تھا کہ نابالغ بہنوں کی عصمت ریزی کی گئی اور قتل کرکے ان کی لاشوں کو درخت پر لٹکا دیا گیا ہے ۔ اس بارے میں احتجاج کے بعد حکومت نے جون میں معاملے کی تحقیقات سی بی آئی کو سونپنے کا فیصلہ کیا۔ سی بی آئی نے تحقیقات کے دوران کہا کہ چچیری بہنوں کے ساتھ نہ تو عصمت ریزی ہوئی اور نہ ہی ان کو قتل کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ چچیری بہنوں کی گاؤں کے کچھ نوجوانوں سے دوستی تھی جس کی ان کے افراد خاندان مخالفت کرتے تھے اور ان کی اسی مخالفت کی وجہ سے لڑکیوں کو خود کشی کے لئے مجبور ہونا پڑا ۔ سی بی آئی پہلے ہی عصمت ریزی اور قتل کے معاملے میں پولیس کی حراست میں لئے گئے حقیقی بھائیوں پپو، اودھیش اور ارویش یادو کے علاوہ کانسٹبل چھترپال یادو اور ارویش یادو کے خلاف فرد جرم داخل نہ کرنے کا اعلان کرچکی ہے۔ غورطلب ہے کہ بدایوں کے اس واقعہ کے سلسلہ میں اتر پردیش کی اکھلیش حکومت پر بہت زیادہ تنقید ہوئی تھی۔ا پوزیشن نے اس واقعہ کے لئے ریاست میں امن و ضبط کی بد تر حالات کو ذ مہ دار ٹھہرایا تھاجب کہ پولیس نے ہمیشہ کہا کہ چچیری بہنوں کے ساتھ عصمت ریزی اور قتل کا معاملہ نہیں ہوا ۔ سی بی آئی کی رپورٹ میں دو بہنوں کے معاملہ کو خود کشی قرار دئیے جانے کے بعد اتر پردیش کے وزیر اعظم خان نے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعہ کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کے لئے ریاست کے چیف منسٹر سے معافی مانگیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا نے اس واقعہ کی رپورٹنگ میں غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ۔ اعظم خان نے ایک بیان میں کہا کہ میڈیا کے لئے یہ ضروری ہوگیا ہے کہ وہ اپنی حدیں مقرر کرے اور جمہوریت کے لئے ایک چیالنج بننے کی کوشش نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کواپنی ٹی آڑ پی کے لئے ملک کے مفادات کو نقصان نہیں پہنچانا چاہئے ۔ میڈیا کی غیر ذمہ داری کی وجہ سے اکھلیش یادو حکومت کی کافی بدنامی ہوئی ہے اس لئے میڈیا کو چاہئے کہ وہ چیف منستر سے معافی مانگے ۔ اعظم خان نے الزام عائد کیا کہ میڈیا خاص طور پر الکٹرانک میڈیا، سماج وادی حکومت کو بدنام کرنے کی ایک تاریخ رکھتا ہے ۔ اسی دوران بی جے پی کے ریاستی ترجمان وجے بہادر پاٹھک نے کہا کہ سی بی آئی کی تحقیقات قابل قبول ہے لیکن ریاستی حکومت کوواضح کرنا چاہئے کہ دو بہنوں کی عصمت ریزی اور قتل کے معاملہ میں پولیس نے پانچ افرا د کو کیوں ملزم بنایا۔

Badaun cousins committed suicide, were not raped: CBI

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں