یوم عاشورہ - ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-05

یوم عاشورہ - ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا

نئی دہلی/ممبئی
ایس این بی
ملک کی راجدھانی دہلی اور ممبئی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں یوم عاشورہ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔ مختلف مقامات سے جلوس سخت انتظامات میں نکالے گئے ۔ نئی دہلی میں جامع مسجد میں تعزیے کا جلوس نکالا گیا ، جس میں ہزاروں لوگ شامل ہوئے۔ مختلف علاقوں میں علم، تابوت اور تعزیوں کے روایتی جلوس نکالے گئے ۔ دہلی میں تعزیوں کے تاریخی روایتی جلوس ہمیشہ کی طرح پرانی دہلی میں پورے عقیدت و احترام کے ساتھ نکالے گئے ۔ شیعہ جامع مسجد کشمیری گیٹ سے علم اور تابوت کا جلوس برآمد ہوکر پنجہ شریف تک گیا۔ تعزیوں کا دوسرا بڑا جلوس جمنا پار کے سلیم پور علاقہ میں نکالا گیا ، جب کہ درگاہ شاہ مرداں، پنجہ شریف اور امامیہ ہال سمیت دہلی کے مختلف علاقوں میں واقع امام باڑوں میں مجالس عزاء کا انعقا د ہوا اور شہداء کربلا کے غم میں ماتم برپا کیا گیا ۔
ادھر اتر پردیش میں لکھنو سمیت پوری ریاست میں محرم کے جلوس کے دوران سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ اتر پردیش کے مرادآباد میں تعزیہ کے بجلی کے تاروں سے ٹکرا جانے پر المناک حادثہ میں33افراد زد میں آکر بری طرح جھلس گئے ۔ بتایاجاتا ہے کہ جسکھیت کے راستے سے تعزیہ نکالاجارہا تھا، اس کھیت کے مالک چندر پال نے اپنے ٹریکٹر سے تعزیہ میں ٹکر ماردی، جس سے تعزیہ ٹیڑھا ہوگیا اور بجلی کے تاروں سے جا ٹکرایا، جس سے آگ لگ گئی اور تقریباً33افراد جھلس گئے ۔
وادی کشمیر میں یوم عاشورہ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔ اگر چہ لال چوک سے بر آمد ہونے والے یوم عاشورہ کے مرکزی ماتمی جلوس پر1989سے پابندی عائد ہے ، تاہم وادی کشمیر کے تمام شیعہ آبادی والے علاقوں سے درجنوں چھوٹے بڑے ماتمی جلوس بر آمد ہوئے ۔کڑاکے کی سردی کے باوجود عزاداروں نے بڑی تعداد میں ان ماتمی جلوسوں میں شرکت کی ۔ ماتمی جلوسوں میں شبیہ علم ، ذوالجناح اور شبہ تابوت شامل تھے جب کہ عزادار نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کررہے تھے ۔ جلوسوں کے راستوں پر جگہ جگہ نیاز کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ ریاست مہاراشٹرا میں بی جے پی کی حکومت کے بعد لوگوں نے حسب روایت اس سال بھی عروس البلاد ممبئی میں عاشورہ کا جلوس اہتمام سے نکالا، جس میں شرکاء کا زبردست جم غفیر نظر آیا ۔ دوران جلوس پولیس نے سخت حفاظتی بندوبست کیا تھا ، جسمیں مقامی پولیس کے جوانوں کے علاوہ خواتین پولیس عملہ اور ریاستی ریزرو پولیس کے دستوں کوبھی تعینات کیا گیا تھا۔ وہیں آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں بھی یوم عاشورہ منایا گیا ۔ دونوں ریاستوں کے بیشتر مقامات پر محرم کے جلوس میں ہزارں لوگوں نے شرکت کی ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں