بی جے پی فرقہ وارانہ کشیدگی کو فروغ دے رہی ہے - سی پی آئی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-05

بی جے پی فرقہ وارانہ کشیدگی کو فروغ دے رہی ہے - سی پی آئی

نئی دہلی
یو این آئی
بی جے پی دہلی میں حالیہ فرقہ وارانہ تشدد کا انتخابی فائدہ حاصل کرنے کی غرض سے جان بوجھ کر دہلی کے مختلف علاقوں میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو بڑھاوا دے رہی ہے ۔ ہندوستانی کمیونسٹ پارٹی( سی پی آئی) کے سینئر رہنما اے ۔ بی ۔ بردھن نے یو این آئی سے بات چیت کے دوران ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بی جے پی فرقہ ورانہ کشیدگی کو بڑھاوا دے کر اکثریتی ووٹروں کی صف بندی کرنا چاہتی ہے ۔ تاکہ اسے اسمبلی انتخابات میں بھرپور فائدہ حاصل ہوسکے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر کے فرقہ وارانہ فسادات کے پیچھے بھی یہی مقصد کارفرما تھا ، اس نے مذہبی بنیاد پر لوگوں کو دو حصوں میں بانٹ کر لوک سبھا انتخابات میں اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا ۔ خیال رہے کہ مشرقی دہلی کے ترلوک پوری میں حال ہی ہوئے فرقہ وارانہ فسادات کے بعد دہلی کو بوانا اور نند نگری میں بھی فرقہ وارانہ ماحول کشیدگی ہے ، جس پر پولیس اور مقامی انتظامیہ کی گہری نظر ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کا غالب اکثریتی کے ساتھ مرکز میں بر سر اقتدار پر آنے کو ملک میں ایک بڑی تبدیلی قرار دیتے ہوئے اے بی بردھن نے کہا کہ اس سے ملک کی جمہوریت کو نقصان پہنچے گا کیونکہ اس وقت مسٹر مودی کی زبان سے نکلنے والا ہر لفظ حرف آخر کی حیثیت رکھتا ہے ، بس ان کے آمرانہ ذہنیت کی جھلک صاف نظر آتی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد سے خود ان کی پارٹی، حکومت اور انتظامیہ کا رتبہ کم ہواہے ، اور ملک کے پورے نظام نے ون مین شو کی حیثیت حاصل کرلی ہے ۔ یہاں تک ملک کے منصوبے اور بہبود کے لئے بنائے گئے ادارہ پلاننگ کمیشن جیسے اداروں کا وجود بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔
ملک میں جاری مہنگائی کے سلسلے میں انہوں نے کہا کہ ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں تو کمی ہوگئی ہے لیکن عام مہنگائی میں کوئی کمی نظر نہیں آرہی ہے اور افراط زر کی شرح میں بھی اضافہ نظر آرہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف مہنگائی کم ہونے کے دعوے کئے جارہے ہیں لیکن روز مرہ کی ضرورت کی آلو، پیاز، ٹماٹر ، سبزیوں اور دیگراشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔ملک کی سماجی اور سیاسی صورتحال کے بارے میں کمیونسٹ پارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں مذہبی خطوط پر صف بندی ہوگئی ہے ۔جس کا راشٹریہ سویم سیوک سنگھ( آر ایس ایس) بی جے پی اور اس کے پریوار کو فائدہ مل رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ علاقائی سیاسی پارٹیاں تیزی کے ساتھ اپنی بنیاد اور مقبولیت کھوتی جارہی ہیں، جس کے نتیجے میں ملک میں خوف و ہراس اور صف بندی کا ماحول پیدا ہورہا ہے ۔ اور یہ صف بندی بہت سے فرقوں کے درمیان ہورہی ہے ۔ جس کی وجہ سے بعض فرقہ پرست سیاسی پارٹیوں کو اس کا فائدہ مل رہا ہے ۔ بردھن نے کہا کہ تقریباً دیڑھ سو سال پرانی سیاسی پارٹی کانگریس بی جے پی اور مودی کا مقابلہ کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے اور ماں ، بیٹے(سونیا، راہل) دونوں کو یہ سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ کانگریس کے اندر کس طرح پھر سے نئی روح پھونکی جائے ۔

BJP is promoting communal violence CPI

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں