دستور کی دفعہ 370 پر بی جے پی کا موقف واضح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-12

دستور کی دفعہ 370 پر بی جے پی کا موقف واضح

جموں
پی ٹی آئی
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ دستور کی دفعہ370 پر بی جے پی کا موقف بے حد واضح ہے مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے آج کہا کہ تمام مسائل جو پارٹی کے انتخابی منشور کا حصہ رہے ہیں ، جن میں مذکورہ قانونی گنجائش بھی شامل ہے ، اس کے ایجنڈا میں شامل بھی رہیں گے۔ انہوں نے یہاں بی جے پی کے مشن44+کے لئے پارٹی کے میڈیا سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسائل(بشمول دستور کی دفعہ370) جو ان تمام برسوں میں بی جے پی کے انتخابی منشور کا حصہ رہی ہے ، اس کے ایجنڈا کا بھی حصہ رہیں گی ۔ دفتر وزیر اعظم کے مملکتی وزیر جیتندر سنگھ اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ آیا بی جے پی نے دستور کی دفعہ370 کا مسئلہ پس پشت ڈال دیا ہے جس کے تحت جموں و کشمیر کو خصوصی موقف حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ جس نظریاتی مسئلہ(دستور کی دفعہ370) کی طرف اشارہ کررہے ہیں اس پر بی جے پی کا موقف بے حد واضح ہے اور ہر شخص کو یہ بات معلوم ہے ، لیکن ہر الیکشن میں آپ کو اپنی ترجیحات کو از سر نو مرتب کرنا پڑتا ہے اور عوام کی امنگوں کے لحاظ سے کام کرنا پڑتا ہے ۔ فی الحال نومبر اور دسمبر2014ء میں جب ہم انتخاب لڑنے جارہے ہیں ، عوام کی خواہش ہے کہ اس ریاست کو برسوں سے جاری بے جا حکمرانی کرپشن اور مرکزی فنڈس کے تغلب سے آزاد کرایاجائے
بی جے پی کے بعض ارکان اسمبلی کے مستعفیٰ ہونے اور اس کے خلاف میدان میں اترنے سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں اس پر کوئی بحث کرنا نہیں چاہتا۔ بی جے پی میں داخلی جمہوریت ہے۔ یہ واحد جماعت ہے جس پر خاندانی حکومت نہیں ہے ،۔ کمیٹیوں کا انتخاب کیاجاتا ہے اور پارلیمانی بورڈ اسے منظوری دیتا ہے ، ہر ایک کو چاہئے کہ وہ اپنے آپ کو امیدوار تصور کرے ۔ لیکن جب کسی امیدوار کے نام کا اعلان کردیاجائے تو پارٹی اس کے قائدین اور کارکنوں کو امید وار کا ساتھ دینا ضروری ہوجاتا ہے ۔ اس استفسار پر کہ آیا پارٹی یہاں مکمل طور پر وزیر اعظم نریندر مودی پرانحصار کررہی ہے ، انہوں نے کہا کہ پارٹی میں ہر شخص اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ نریندر مودی اب ملک کے سب سے قد آور قائد ہیں ۔ کیا آپ انہیں اس خوبی سے محروم کرسکتے ہیں جو انہیں ان کی مقبولیت کی بنا پر حاصل ہوئی ہے ؟ اتنا کہنے کے بعد میں یہ بھی کہوں گا کہ آپ کو اس ملک کے رائے دہندوں کی دانشمندی پرشبہ نہیں کرنا چاہئے۔ وہ ہمیں ہماری کارکردگی کی بنیاد پر جانچیں گے ۔

Article 370 part of BJP's agenda: Jitendra Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں