دستور کی دفعہ 370 مرکز اور کشمیر کے درمیان پُل - سیف الدین سوز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-25

دستور کی دفعہ 370 مرکز اور کشمیر کے درمیان پُل - سیف الدین سوز

سری نگر
پی ٹی آئی
کانگریس قائد سیف الدین سوز نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی حکومت کو چیالنج کیا کہ وہ دستور کی دفعہ370 کو منسوخ کرکے دکھائے جس کے تحت جموں و کشمیر کو خصوصی موقف حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ دفعہ ریاست اور مرکز کے درمیان ایک پل کا کام کرتی ہے۔ سیف الدین سوز نے کہا کہ میں مودی بی جے پی اور آر ایس ایس کو چیالنج کرتا ہوں کہ وہ دفعہ370 کو منسوخ کرکے دکھائیں ۔ اسے کوئی تبدیل نہیں کرسکتا ۔ یہ مرکز اور ریاست کے درمیان ایک پل اور دستور ہند کا بنیادی عنصر ہے ۔ اس پل کو توڑنے سے ریاست اور مرکز کے درمیان تعلقات بھی ٹوٹ جائیں گے ۔ اس دفعہ میں ترمیم کے بارے می دریافت کرنے پر سیف الدین سوز نے کہا کہ اسے کمزور کیا گیا ہے اور میں آپ کے اس خیال کی مخالفت نہیں کرتا کہ ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا۔ یہ (دفعہ کو کمزور کرنے کا مسئلہ) بھی اس مذاکراتی عمل کا حصہ ہے جو کانگریس پارٹی کشمیریت کا تحفظ کرنے شروع کرنا چاہتی ہے ۔ جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کبھی بھی رام مندر کی تعمیر ملک میں یکساں سول کو اور دفعہ370کی تنسیخ کے اپنے انتخابی وعدوں کو پورا نہیں کرسکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سے پوری ذمہ داری کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ بی جے پی ان انتخابی وعدوں کے سلسلہ میں کچھ نہیں کرسکتی ۔ وہ کبھی دفعہ370 کو منسوخ نہیں کرپائیں گے اور یکساں سول کوڈ کو آر ایس ایس کے ایجنڈہ کو نافذ کرنے کے قابل نہیں ہوں گے ۔ رام مندر کی تعمیر صرف ہندوستان اور مسلمان مل کر کرسکتے ہیں یا پھر سپریم کورٹ کی جانب سے احکام جاری کئے جانے ہوں گے ۔ ان کے علاوہ کوئی اور بشمول بی جے پی اسے تعمیر نہیں کرسکتی ۔

Article 370 of the Constitution bridge between the center and Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں