رام پال کے ستلوک آشرم سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-22

رام پال کے ستلوک آشرم سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد

چندی گڑھ
پی ٹی آئی
ستلوک آشرم پر بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود، پٹرول بم ، تیزابی سرینجیں اور گرینیڈ برآمد ہوئے ۔ اس آشرم سے گزشتہ روز خود ساختہ سوامی رام پال کو گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ خود ساختہ سوامی کے خلاف قتل، فساد اور غیر قانونی حراست کے بشمول35نئے مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ اسے ہریانہ کے شہر حصار کی جیل میں رکھا گیا ہے۔ پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ نے اسے28نومبر تک عدالتی تحویل میں دے دیا ہے۔ اس کے ساتھ تا حال470افراد کو پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لیا گیا جن میں مختلف ریاستوں کے افراد شامل ہیں۔ ہریانہ پولیس کی ایس آئی ٹی نے آج آشرم کی تلاشی لی تو یہ حیرت انگیز تفصیلات سامنے آئیں ۔ آشرم میں رام پال کے رہائشی کمرہ سے متصل ایک کمرہ سے حمل کی جانچ کی پٹی بھی ہاتھ لگی ۔پولیس کو ایک خاتون باتھ روم میں بے ہوشی کی حالت میں مقفل کی ہوئی ملی ۔ اسے جنرل ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا اس کی شناخت مدھیہ پردیش کے اشوک نگر کی رہنے والی بجلیش کی حیثیت سے کی گئی ۔ پولیس کی تلاشی مہم جاری ہے ۔ آشرم میں چھپے تین افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا ۔ انجینئر سے سوامی بننے والے63سالہ متنازعہ مذہبی لیڈر کو قتل کے ایک مقدمہ میں چہار شنبہ کو گرفتار کیاگیا جب کہ اس سے قبل اس کو گرفتاری سے بچانے اس کے سینکڑوں ماننے والوں نے تصادم کا راستہ اختیار کیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ بیشتر اسلحہ2خفیہ کمروں میں الماریوں اور بیاگس میں چھپاکر رکھے گئے تھے ۔
اسلحہ کی تفصیل بتاتے ہوئے محکمہ پولیس کے ترجمان نے کہا کہ آشرم کے وسط میں2خفیہ کمروں سے برآمد اسلحہ میں32بور کے3ریوالورس،19ایئر گنس،2ڈی بی بی ایل،315بور کے 2رائفلیں ، 32۔ کے 28کارتوس ،12بور کے50اور315۔بور کے25کارتوس شامل ہیں۔ عمارت میں ایک سوئمنگ پول، شاندار عصری لفٹس ، 24اے سی کمرے پائے گئے جن میں سے ایک میں مساج بیڈ بھی موجود تھا ۔ پولیس ٹیم کو وہاں ہیلمٹس، لاٹھیاں، سیاہ لباس کے20جوڑے،800لیٹر ڈیزل اور ایندھن کے2ٹینکس بھی پائے گئے ۔ آشرم قلعہ کی طرز پر تعمیر کیا گیا جس کی بلند دیواریں ہیں اور واچ ٹاورس بھی ہیں، نجی کمانڈوز پر مشتمل سیکوریٹی ارکان کے لئے آشرم میں ایک خصوصی کمرہ پایا گیا ۔ پولیس نے آشرم کے باب الداخلہ پر میٹل ڈیٹکرس بھی پائے جو آشیر واد دینے کے لئے آنے والوں کی جانچ کے لئے رکھے گئے ۔ آشرم سے چند ہارڈڈسک، سی ڈیز، لیاپ ٹاپ اور موبائل فونس بھی ضبط کئے گئے ہیں ۔

Arms, Petrol Bombs, Pregnancy Strip Found in Rampal's Ashram

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں